پاکستان اور چین کے درمیان اکنامک کاریڈور میں کسی نوعیت کی تبدیلی پورے منصوبہ کو متنازعہ بنادے گی،لیاقت بلوچ

جمعرات 12 فروری 2015 23:41

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12فروری 2015ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے پشاور میں جماعت اسلامی کے صوبائی پارلیمانی بورڈ اور صوبہ خیبر پختونخوا کی حکومت میں صوبائی وزراء اور صوبائی ممبران اسمبلی کے مشترکہ اجلاس میں اعلان کیاہے کہ سینیٹ آف پاکستان کے انتخابات میں سراج الحق امیر جماعت اسلامی پاکستان جنرل سیٹ سے جماعت اسلامی کے امیدوار ہوں گے اور صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم کورنگ امیدوار ہوں گے ۔

اس موقع پر پروفیسر محمد ابراہیم ، ڈاکٹر محمد اقبال خلیل ، شبیر احمد خان اور سینئر صوبائی وزیر عنایت اللہ خان پر مشتمل انتخابی مہم کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے ۔جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق لیاقت بلوچ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ دنوں پشاور میں صوبائی وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے ساتھ ملاقات میں تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے درمیان سینیٹ انتخابات کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر بھی گفتگو ہوئی تھی ۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی کے 8 ممبران صوبائی اسمبلی ٹیکنوکریٹ ، خواتین اور منیارٹی سیٹ پر ووٹ پہلی ترجیح کے دیں گے اور جماعت اسلامی کے امیدوار سراج الحق کے لیے مزید 8 پہلی ترجیح کے ووٹ لیے جائیں گے ۔ صوبہ خیبر پختونخوا کے تما م صوبائی اسمبلی کے ممبران پر ہمیں اعتماد ہے اور توقع ہے کہ ممبران اپنے عمل سے ووٹ کی خرید و فروخت کی تمام خبروں کو غلط ثابت کردیں گے تاکہ جمہوری اقدار پر حرف نہ آئے اور شفاف ، غیر جانبدارانہ اور دیانت دارانہ بنیادوں پر انتخابی عمل مکمل ہو ۔

لیاقت بلوچ نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ جماعت اسلامی کے قومی اسمبلی میں چار ممبران اور پنجاب اسمبلی میں ایک ممبر کے ووٹ کے لیے آئندہ چند روز میں مرکزی پارلیمانی بورڈ حکمت عملی کا اعلان کرے گا ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ پاکستان اور چین کے درمیان اکنامک کاریڈور میں کسی نوعیت کی تبدیلی پورے منصوبہ کو متنازعہ بنادے گی ۔ عدم حکمت پر مبنی اقدامات سے اس منصوبہ کو بھی کالاباغ ڈیم کی طرح منتازعہ نہ بنایا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات اور دیگر اشیاء پر قومی اسمبلی کو بائی پاس کر کے ٹیکسوں کا نفاذ غیر جمہوری رویہ ہے حکومت اپوزیشن کے مطالبہ کو نظر انداز نہ کرے ۔ عوام کو تیل کی قیمتوں کے ثمر سے محروم نہ کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :