پاک چائنہ فرینڈ شپ سینٹر اسلام آباد میں سال 2015پاک چین دوستانہ تعاون کے آغاز کے حوالے سے تقریب،

چینی وزیر خارجہ ، سپیکر قومی اسمبلی تقریب کے مہمان خصوصی ،وزیراعلیٰ پنجاب ،چین کے سفیر،وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ اور منتخب نمائندوں کی شرکت، پاکستان ،چین کے درمیان دوستی کا لازوال رشتہ موجود ہے،دونوں ممالک کے مابین تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوچکا ہے، پاک چائنہ اکنامک کوریڈور کے تحت اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے طے پائے ہیں، سال 2015پاک چین دوستانہ تعاون کی تقریب میں شرکت کرکے بے حد خوشی ہوئی ہے،وزیراعلیٰ شہبازشریف کی میڈیا سے گفتگو، مہمانوں نے بٹن دبا کر سال 2015 پاک چین دوستانہ تعاون کے آغاز کا باقاعدہ افتتاح کیا

جمعرات 12 فروری 2015 23:40

لاہور/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12فروری 2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے پاک چائنہ فرینڈ شپ سینٹر اسلام آباد میں سال 2015 پاک چین دوستانہ تعاون کے آغاز کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی، پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی اور قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق تقریب کے مہمان خصوصی تھے-وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز ،پاکستان میں چین کے سفیر سن ویڈانگ سینٹ و قومی اسمبلی کے اراکین ،پاک چین دوستی کی مختلف تنظیموں کے عہدیداران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے تقریب میں شرکت کی، چین کے وزیر خارجہ ،سپیکر قومی اسمبلی ،وزیراعلیٰ پنجاب ، وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور اور پاکستان میں چین کے سفیر سن ویڈانگ نے بٹن دباکر سال 2015 پاک چین دوستانہ تعاون کے آغاز کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

(جاری ہے)

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ا ور چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے تقریب سے خطاب کیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کا لازوال رشتہ موجود ہے اور دونوں ممالک کے مابین تمام شعبوں میں تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوچکا ہے۔انہوں نے کہاکہ چین کے صدر ژی جن پنگ اور وزیراعظم محمد نوازشریف کے وژن کے تحت دونوں ممالک میں پاک چائنہ اکنامک کوریڈور کے تحت اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے طے پائے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اور چین کی دوستی آزمائش کی ہر گھڑی میں پوری اتری ہے ۔ پاکستان اور چین نہ صرف ہمسایہ ممالک ہیں بلکہ علاقائی اور عالمی امور پر ہمیشہ دونوں ممالک کا موقف یکساں رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2015پاک چین دوستانہ ،قریبی تعاون، دونوں ملکوں کے مابین 21 صدی میں ترقی کے ایک بڑے دور کا آغاز ثابت ہوگا جس سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ ہوگا۔ دونوں ممالک کے عوام کے مابین دوستی اور رابطے مضبوط ہوں گے-انہوں نے کہاکہ سال 2015پاک چین دوستانہ تعاون کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت کر کے مجھے بے حد خوشی ہوئی ہے۔