اپنے فرائض منصبی مکمل دیانتداری اور نیک نیتی کے ساتھ ادا کریں ،سیکر ٹری ٹرانسپورٹ کی محکمہ کے افسران کو ہدایت

جمعرات 12 فروری 2015 22:52

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12فروری 2015ء)سیکرٹری ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا کیپٹن (ر)سردار محمد عباس نے محکمہ ٹرانسپورٹ کی ذیلی شاخوں، وہیکل ڈرائیونگ لائسنس برانچ، وہیکل ایمیشن ٹیسٹنگ آفس پشاور (VETS) کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے دورہ کے دوران متعلقہ افسران سے سرکاری امور پر تبادلہ خیال کیا اور تمام دفتری ریکارڈ بھی چیک کیا۔

جس میں سے بعض ریکارڈ بوگس پایاگیا۔ سیکرٹری موصوف نے منیجر ویٹس سے بعض معلومات حاصل کیں اور چند سوالات بھی کئے جس کے وہ تسلی بخش جوابات نہ دے سکے۔اس پر سیکر ٹری ٹرانسپورٹ نے سخت برہمی کا اظہارکیا اور ذمہ داران کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کاعندیہ دیا۔ انہوں نے VETS کی نئی مشینری کا بھی معائنہ کیا جو کہ عرصہ دراز سے بے کار پڑی ہے اور اسے ابھی تک کام میں نہیں لایا جا سکا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ اس پرقومی خزانے سے پیسے خرچ ہوئے ہیں لہٰذا اس کو فوری طور پرنصب کیا جائے اور متعلقہ سٹاف کی ضروری تربیت کابندوبست بھی کیا جائے تاکہ مشینری کو کام میں لایا جا سکے۔ بصورت دیگر ذمہ داران کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ بعد ازاں انہوں نے لائسنس برانچ کے دورے کے دوران متعلقہ اہلکاروں کو خبردار کیاکہ اگر کسی کے خلاف کوئی بھی شکایت سامنے آئی تو ان کے خلاف بھی سخت کاروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض منصبی مکمل دیانتداری اور نیک نیتی کے ساتھ ادا کریں تاکہ عوامی خدمت کے جذبے کو پروان چڑھایا جا سکے۔