پشاور، پاکٹ گائیڈ کتب کے استعمال پرپابندی لگا دی گئی

جمعرات 12 فروری 2015 22:51

پشاور، پاکٹ گائیڈ کتب کے استعمال پرپابندی لگا دی گئی

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12فروری 2015ء) ڈپٹی کمشنر پشاورنے طلباء کے زیر استعمال پاکٹ گائیڈ کتب پر پابندی عائد کر دی ہے اور اس سلسلے میں پرنٹنگ پریسز کے مالکان کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بھی پاکٹ سائز گائیڈ بکس کی اشاعت بند کر دیں کیونکہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن پشاور کے حکام کے مطابق ان پاکٹ گائیڈ کتب سے نہ صرف طلباء پر برے اثرات مرتب ہو رہے تھے بلکہ اس سے امتحانات میں نقل کے رحجان کی بھی حوصلہ افزائی ہو رہی تھی۔

یہ فیصلہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن پشاور کے حکام اور قومی احتساب بیورو پشاور کے اعلیٰ افسران کے مابین منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔ جس میں اس امر پر غورکیا گیا کہ چھوٹے سائز کی پاکٹ گائیڈز کا استعمال، طلباء کے لئے نہ صر ف خطرناک ہے بلکہ یہ مواد، ان کی تعلیمی زندگی کے لئے بھی نقصان دہ ہے جو ان کی ذہنی نشونما پر بھی منفی اثرات ڈالتا ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کے روز جاری کردہ ایک سرکاری مراسلے کے مطابق مستقبل میں اس طرح کے پاکٹ گائیڈ بکس کی اشاعت میں ملوث پائے گئے پرنٹنگ پریسز کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی اور اس سلسلے میں پشاور بورڈ کے اعلیٰ حکام ایسی پاکٹ گائیڈز کے استعمال اور ان کی اشاعت کی آج سے مسلسل سخت نگرانی کریں گے۔ اس موقع پشاور بورڈکے حکام نے یہ بھی انکشاف کیا کہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات بھی بلترتیب 19مارچ اور 29اپریل 2015سے الگ الگ منعقد کئے جا رہے ہیں۔ جس کے دوران اس امر پر کڑی نظر رکھی جائے گی کہ طلباء مذکورہ مواد استعمال نہ کریں

متعلقہ عنوان :