3روزہ مائی کراچی تجارتی نمائش10سے 12اپریل تک ایکسپوسینٹر میں منعقد کی جائے گی

جمعرات 12 فروری 2015 22:49

کراچی( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12فروری 2015ء) کراچی چیمبر آف کامرس کی 3روزہ مائی کراچی تجارتی نمائش10اپریل سے 12اپریل تک کراچی ایکسپوسینٹر میں منعقد کی جائے گی،نمائش میں مجموعی طور پر263اسٹالز لگائے جائیں گے جن کیلئے6ہال بک کئے گئے ہیں ،نمائش میں انڈونیشیا ،ترکی سمیت دیگر ممالک بھی نمائش میں شرکت کریں گے۔جمعرات کوکے سی سی آئی میں مائی کراچی نمائش کے حوالے سے بزنس مین گروپ کے چیئرمین سراج قاسم تیلی نے کراچی چیمبر کے صدر افتخار احمدوہرہ اور مائی کراچی سب کمیٹی کے چیئرمین محمدادریس میمن کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ سال2004میں جب کراچی میں امن وامان کی صورتحال انتہائی ابتر تھی ،کاروباری حالات بھی خراب ہونے سے تاجراور صنعتکار پریشان تھے ،ایسے میں ہم نے" میرا کراچی امن کا گہوارہ " کا سلوگن پیش کرتے ہوئے مائی کراچی نمائش کا آغاز کیا،یہ نمائش بے حد کامیاب رہی اور اب مسلسل بارہویں سال اس نمائش کے انعقاد کی تیاریاں جاری ہیں، امن وامان کے خراب حالات کے باوجود ہم مائی کراچی نمائش کے ذریعہ نہ صرف مقامی تاجروں اور صنعتکاروں میں اعتماد پیدا کررہے ہیں بلکہ بیرونی سرمایہ کاروں کو کراچی لانے کی کوششیں کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

سراج قاسم تیلی کا کہنا تھا کہ لاء اینڈآرڈرمیں معمولی کمی ہوئی ہے،شہر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن کے بہت زیادہ بہتر اثرات سامنے نہیں آئے کیونکہاسٹریٹ کرائم،موبائل اور گاڑیاں چھیننے کے واقعات بڑھ گئے ہیں تاہم ٹارگٹ کلنگ میں کمی آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں نوازشریف آئندہ چندروز میں کراچی آرہے ہیں اور وہ یہاں امن وامان کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کریں گے اور اگر وزیراعظم ہمیں موقع دیں تو ہم انہیں اصل صورتحال سے آگاہ کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ خواتین اور ہنرمندوں کو مائی کراچی نمائش میں رعایتی نرخ پر اور بلامعاوضہ اسٹالز فراہم کریں گے جبکہ چھوٹے تاجروں کیلئے بھی رعایت دی گئی ہے۔انکا کہنا تھا کہ ہرسال مائی کراچی نمائش کو دیکھنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور سالانہ 6لاکھ سے زائد افراداس نمائش کو دیکھنے اور خریداری کیلئے ایکسپو سینٹر کا رخ کرتے ہیں۔

سراج قاسم تیلی کا ایک سوال پر کہنا تھا کہ کراچی کے حالات،بدترین انفرااسٹرکچر،بجلی اور گیس کی قلت اور شہر کے ساتھ ناانصافیوں کے خلاف ہم نے ایس ایم منیر(بھائی جان) کے ساتھ ملکر ایک آوازمیں حق مانگنے کی راہ اپنائی ہے اسکا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ دو گروپ ایک ہوگئے ہیں،ہم ماضی کی تلخیاں بھلا کرشہر کے بہتر مفاد میں ساتھ چلیں گے اور ایک دوسرے کی آواز بنیں گے تاہم انکا کہنا تھا کہ کوئی بھی تجارتی الائنس یا کونسل کی کوئی قانونی حیثیت نہیں بلکہ جو ٹریڈ باڈیز وزارت تجارت سے لائسنس حاصل کئے ہوئے ہوں یا ایس ای سی پی سے رجسٹرڈ ہو وہی قانونی حیثیت کے حامل ہیں۔

اس موقع پر کے سی سی آئی کے صدر افتخار احمد وہرہ نے کہا کہ مائی کراچی نمائش میں اس سال ایک نئے شعبے ڈیزائننگ فیبرک لان کو بھی شامل کیا جائے گا ،نمائش 3روز تک جاری رہے گی ۔مائی کراچی سب کمیٹی کے چیئرمین محمدادریس میمن نے بتایا کہ مائی کراچی نمائش میں شرکت کیلئے ترکی اورانڈونیشیا نے کنفرم کردیا ہے اور انڈونیشیا کا ایک علیحدہ پویلین ہوگااس کے علاوہ ملائشیا،سری لنکا،تھائی لینڈ،ویتنام،کوریا،بنگلہ دیش سمیت دیگر کئی اہم ممالک نے بھی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔پریس کانفرنس میں تاجررہنما انجم نچار،محمدہارون اگر،اے کیو خلیل،ابراہیم کسومبی، آغاشہاب احمد خان،یونس بشیر،میاں ابراراحمد بھی موجود تھے

متعلقہ عنوان :