سندھ میں سینیٹ کی 11نشستوں میں سے 7نشستیں جیتنے کیلئے پر امید ہیں،سید قائم علی شاہ ،

پیپلز پارٹی شہید بینظیر بھٹوکی مفاہمتی پالیسی پر یقین رکھتی ہے اور اس پر عمل پیرا ہے،سینیٹ الیکشن میں بلامقابلہ امیدوار کامیاب کرانے کیلئے تمام پارٹیوں کیساتھ رابطے میں ہیں ،وزیرا علیٰ سندھ کیمیڈیا سے گفتگو

جمعرات 12 فروری 2015 21:50

سندھ میں سینیٹ کی 11نشستوں میں سے 7نشستیں جیتنے کیلئے پر امید ہیں،سید ..

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12فروری 2015ء) وزیراعلی سندھ اور پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدرسید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ وہ صوبے سندھ میں سینیٹ کی 11نشستوں میں سے 7نشستیں جیتنے کی لیے پر امید ہیں۔ان 7نشستوں میں سے ہم نے پانچ جنرل سیٹ کیلئے اور باقی 2سیٹوں میں سے ایک عورت امیدوار اور ایک ٹیکنوں کریٹ کی مخصوص نشست کیلئے امیدوار نامزد کئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کراچی آفس میں سینیٹ الیکشن کیلئے پیپلزپارٹی کے نامزد امیدواروں کی جانب سے نامزدگی کاغذات جمع کروانے کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی شہید محترمہ بینظیر بھٹوکی مفاہمتی پالیسی پر یقین رکھتی ہے اور اس پر عمل پیرا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم سندھ اسمبلی میں تمام پارٹیوں بشمول مسلم لیگ(فنکشنل)کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ سینیٹ الیکشن میں بلامقابلہ امیدوار کامیاب کروائے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات چیت میں ناکامی کی صورت میں پیپلز پارٹی سینیٹ انتخابات میں مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے جس میں جیت ہماری ہی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جاری صورتحال سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ سینیٹ کی چار نشستیں جیتنے کی پوزیشن میں ہے۔پیپلز پارٹی کے اندر سینیٹ امیدواروں کی نامزدگیوں کے معاملے پر اختلافات کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے اورساتوں امیدوار وں کو پارٹی لیڈر شپ کی سربراہی میں متفقہ فیصلے کے بعد ہی نامزد کیا گیا اور اس حوالے سے پارٹی میں کوئی بھی اختلاف رائے نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے ورکرز،اسمبلی ممبران اور رہنماؤں کے مابین اتحاد کی وجہ سے ہی ملک کی مضبوط ترین پارٹی ہے۔ایم کیو ایم کی جانب سے سندھ حکومت میں دوبارہ شمولیت اختیار کرنے کے حوالے سے کئے گئے سوال کے جواب میں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیاں اعتماد کی بحالی کے اقدامات جاری ہیں اور امید ہے کہ بہت جلدمکمل اور مثبت فیصلہ سامنے آئے گا۔

دریں اثنا وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے جمعرات کی صبح پیپلز پارٹی کے پارلیمانی ممبران سے وزیراعلی ہاؤس میں ملاقات کی اور سینیٹ الیکشن لڑنے کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کرنے کے معاملے پر بحث و مباحثہ کیا گیا۔ بعد ازاں وزیراعلی سندھ تمام نامزد امیدواروں ،اراکین اسمبلی اوروزرا کے قافلے سمیت الیکشن کمیشن آف پاکستان کراچی آفس میں سینیٹ نامزدگیوں کے فارم جمع کروانے گئے۔

اس موقعہ پر اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، سینئر وزیر نثار احمد کھوڑو،وزیر بلدیات و اطلاعات شرجیل انعام میمن، وزیر قانون ڈاکٹر سکندر میندھرو، وزیر برائے ورکس اینڈ سروسز میر ہزار خان بجارانی،معاونین خصوصی وقار مہدی اور راشد ربانی ،کوآرڈی نیٹر صدیق ابو بھائی اور دیگر بھی موجود تھے۔