نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد، انتہائی مطلوب 615دہشتگردوں کی فہرست تیار،

گرفتاری پرمعاونت کرنے پر کروڑوں روپے کی رقم رکھ دی گئی

بدھ 11 فروری 2015 23:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11فروری 2015ء)نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد، وزارت داخلہ نے ملک بھر سے انتہائی مطلوب 615دہشتگردوں کی فہرست تیار کرلی جن کی گرفتاری پرمعاونت کرنے پر کروڑوں روپے کی رقم رکھ دی گئی ہے جن کی کل مالیت 760ملین روپے ہے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ان انتہائی مطلوب دہشتگردوں میں 100 دہشتگرد خیبر پختونخواہ کے ہیں جن میں ملا فضل اللہ کے سر پر ایک کروڑ روپے مقرر کئے گئے ہیں باقی ماندہ دہشتگردوں پنجاب ، سندھ ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، بلوچستان ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی فہرست میں شامل ہیں ۔

ان افراد کی گرفتاری کے حوالے سے وزارت داخلہ ذرائع کے مطابق صوبائی حکومتوں کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں ۔ آن لائن ذرائع کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کا اہم حصہ ہونے کے ناطے انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی نہ صرف لسٹیں تیار کرلی گئی ہیں بلکہ وزارت داخلہ کی جانب سے صوبائی حکومتوں کو دہشتگردوں کی گرفتاری میں مدد دینے والے افراد کے انعام بھی مقرر کیا گیا ہے تاکہ گرفتاری جلد از جلد عمل میں لائی جاسکے ۔