امریکی سفیر کی وزیر خزانہسے ملاقات ،آئی ایم ایف سے مذاکرات کی کامیابی پر مبارکباد،

امریکہ سے مویشیوں کی درآمد ، ڈرگ پالیسی اوراتحادی امداد فنڈ سے پاکستان کو 716 ملین ڈالر کی دو اقساط کی فراہمی پر تبادلہ خیال

بدھ 11 فروری 2015 22:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11فروری 2015ء) پاکستان میں تعینات امریکی سفیر رچرڈ اولسن کی وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی ملاقات ،آئی ایم ایف سے مذاکرات کی کامیابی پر مبارکباد، امریکہ سے مویشیوں کی درآمد ، ڈرگ پالیسی اور پاکستان کو 716 ملین ڈالر کی دو اقساط کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ بدھ کے روز وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کے دوران امریکی سفیر نے دوبئی میں آئی ایم ایف کے ساتھ کامیاب مذاکرات پر مبارکباد پیش کی ۔

وزیرخزانہ نے کہا کہ یہ قومی معیشت میں بہتری کی عکاسی ہے، مذاکرات کے اس دور میں کوئی استثنیٰ نہیں مانگا گیا اور نہ ہی کوئی اشاریہ کم تھا۔امریکی سفیر نے اتحادی امداد فنڈ (سی ایس ایف) سے 71کروڑ60لاکھ ڈالر کی دو قسطوں کے حالیہ اجراء پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکہ سے پاکستان کو مویشیوں کی درآمد کی راہ میں حائل مشکلات کو دور کرنے پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جلد ہی مویشیوں کی درآمد شروع ہوجائے گی۔

امریکی سفیر نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کی جانب سے ڈرگ پالیسی کی منظوری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی ادویہ ساز اداروں نے ایرا پر اطمینان کااظہار کیا ہے۔وزیرخزانہ نے کہا کہ تمام متعلقہ حلقوں سے مشاورت سے یہ پالیسی تشکیل دی گئی اور پاکستان میں بھی اس پر مثبت ردعمل سامنے آیا ہے۔ ملاقات کے دوران سیلاب کے متاثرین اور عارضی بے گھر افراد کی بحالی سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا وفاقی وزیر خزانہ کے امریکہ کے مختلف شعبوں میں تعاون پر امریکی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں خزانہ ڈویژن کے ایڈوائزر رانا اسد امین،ایڈیشنل سیکرٹری طارق محمود پاشا ، اور وفاقی وزیر کے جے ایس منظور سمرا بھی موجود تھے۔۔