بلدیاتی انتخابات کیلئے اپریل کے آخری ہفتے میں شیڈول جاری کردیاجائیگا،عنایت اللہ،

جون کے پہلے ہفتے صوبے کے تمام اضلاع میں جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کاانعقاد کیاجائیگا،سینئروزیرخیبرپختونخوا

بدھ 11 فروری 2015 22:35

بلدیاتی انتخابات کیلئے اپریل کے آخری ہفتے میں شیڈول جاری کردیاجائیگا،عنایت ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11فروری 2015ء) سینئروزیرخیبرپختونخوا عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کیلئے اپریل کے آخری ہفتے میں شیڈول جاری کردیاجائیگااورجون کے پہلے ہفتے صوبے کے تمام اضلاع میں جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کاانعقاد کیاجائیگا۔پشاورپریس کلب کے پروگرام گیسٹ آورمیں اظہارخیال کرتے ہوئے سینئروزیربرائے بلدیات عنایت اللہ نے کہاکہ نومبر2013ء میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے قانون سازی کی گئی تھی تاہم حدبندی جنوری کے آخری ہفتے میں مکمل ہوگئی بعدمیں بعض قانونی سقم اورسپریم کورٹ کے فیصلوں کی وجہ سے انتخابات کاانعقاد نہیں کیاگیاگزشتہ سال الیکشن کمیشن کے حکام کے ساتھ ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے واضح کیاکہ بائیومیٹرک سسٹم کے ذریعے انتخابات ممکن نہیں جس کے بعد ہم اس نظام سے بھی دستبردار ہوگئے اور توقع ہے کہ بلدیاتی انتخابات کاشیڈول اپریل کے آخری ہفتے میں جاری کردیاجائیگا جس کے بعد جون کے پہلے ہفتے میں بلدیاتی انتخابات کاانعقادممکن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخواحکومت دیگرصوبوں کے برعکس ایک جامع بلدیاتی نظام کو لاگوکرنے جارہی ہے بلدیاتی انتخابات کے بعد ضلعی اورتحصیل حکومتیں صوبے کاترقیاتی فنڈکاتیس فیصد اوراپنے علاقے سے حاصل کردہ آمدنی کااستعمال کرینگے۔اس وقت خیبرپختونخوامیں74یونین کونسلز اور26ضلعی کونسلزہیں تحصیل کونسلزکے لئے بلدیاتی انتخابات کے دوران جنرل نشستوں پر 1017اورمخصوص نشستوں پر 616نامزدگیاں ہونگی یوں مجموعی طور پر صوبہ بھر کے74تحصیل کونسلوں میں1637لوگ منتخب ہونگے۔

26ضلعی کونسلوں میں جنرل نشستوں پر ایک ہزار17اورمخصوص نشستوں پر529امیدواروں کاانتخاب ہوگامجموعی طور پر صوبہ بھرکے ضلعی کونسلزکی ممبران کی تعداد1546ہوگی عنایت اللہ نے کہاکہ تحصیل اور ضلعی ناظم ونائب ناظم کے انتخاب کاعمل وارڈ کے تحصیل وضلعی کونسل کرینگے ہارس ٹریڈنگ کے عمل کو روکنے کیلئے تحصیل وضلعی کونسل میں ناظم ونائب ناظم کے انتخاب کاعمل خفیہ رائے دہی کے ذریعے نہیں بلکہ شوآف ہینڈکے ذریعے ہوگااورجو بھی امیدوار پارٹی کیخلاف جائیگا اس کی رکنیت ختم کردی جائے گی تاہم انہوں نے واضح کیاکہ ویلج اور نیبرہوڈکونسل میں انتخابی عمل غیرجماعتی بنیادوں پر ہونگے ۔

عنایت اللہ نے واضح کیاکہ ڈیڈک اور ڈی ڈی سی کوضلعی سطح پر ادغام کیاجائیگا اسی طرح پراونشل فنانس کمیشن بھی تشکیل دیاجائیگا جس میں سے دو تحصیل ناظمین اور دو ضلعی ناظمین امیدوار ہونگے اورانکاانتخاب وزیراعلیٰ نہیں بلکہ ضلعی ناظمین اورتحصیل ناظمین کے مابین انتخابی عمل کے ذریعے ہوگا۔

متعلقہ عنوان :