ورلڈکپ2015: آفریدی ہندوستانی بالادستی ختم کرنے کے لیے پرعزم،

میں جانتا ہوں کہ یہ دونوں ٹیموں اور دنیا بھر سے اسے دیکھنے کے لیے آنے والے پرستاروں کے لیے اہم میچ ہے۔۔ ان میں توقعات بہت زیادہ ہیں تاہم ہم پراعتماد اور اتنی صلاحیت رکھتے ہیں کہ کسی بھی ٹیم کو حیران کرسکیں، شاہد خان آفریدی

منگل 10 فروری 2015 23:36

ورلڈکپ2015: آفریدی ہندوستانی بالادستی ختم کرنے کے لیے پرعزم،

ایڈیلیڈ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10فروری 2015ء) اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان اس حقیقت سے دلبرداشتہ نہیں کہ وہ اب تک ورلڈکپ میں ہندوستان کے خلاف کوئی میچ نہیں جیت سکا ہے۔ایک انٹرویو کے دوران جارح مزاج آل راؤنڈر نے کہا " ہمیشہ ایسا ہوتا ہے جب کوئی چیز پہلی بار ہوتی ہے، میں جانتا ہوں کہ یہ دونوں ٹیموں اور دنیا بھر سے اسے دیکھنے کے لیے آنے والے پرستاروں کے لیے اہم میچ ہے ، ان میں توقعات بہت زیادہ ہیں تاہم ہم پراعتماد اور اتنی صلاحیت رکھتے ہیں کہ کسی بھی ٹیم کو حیران کرسکیں"۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ٹیمیں پریشر کو ہینڈل کرنا جانتی ہیں، ہم نے اسے ایک عام میچ کی طرح کھیلنے کا منصوبہ بنایا ہے تاہم یہ ورلڈکپ کا پہلا میچ ہے اور دونوں ٹیمیں جیت سے آغاز کرنے کے لیے بے تاب ہیں تاکہ ٹورنامنٹ میں ہمارا اعتماد بڑھے۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ اربوں افراد اس میچ سے لطف اندوز ہوں گے کیونکہ ہر ایک دونوں ٹیموں کو آپس میں کھیلتے دیکھنا چاہا ہے اور ہم انہیں مایوس نہیں کرسکتے۔

انہوں نے یہ توقع بھی ظاہر کی کہ اس میچ کے بعد بھی دونوں پڑوسی ممالک آپس میں مزید میچز کھیلیں گے " ہم آپس میں بہت زیادہ نہیں کھیلتے، مجھے توقع ہے کہ ورلڈکپ سے باہر بھی ہمیں ایک دوسرے کے آمنے سامنے آنے کا موقع ملے گا"۔اہم کھلاڑیوں کی انجریز اور سعید اجمل کے باہر ہونے کے باوجود آفریدی کو یقین ہے کہ کوئی ٹیم پاکستان کو ہلکا نہیں لے گی " ہم کسی بھی اچھے دن ہر ٹیم کو حیران کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں، ہمارے اندر اعتماد ہے کہ ہم بہترین ٹیم ہیں اور ہم اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے"۔

آفریدی نے 1992 کا ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم کو موجودہ اسکواڈ سے زیادہ مضبوط قرار دیا " اس وقت کی ٹیم سنیئرز اور جونیئرز کا امتزاج تھی، آج کی ٹیم میں بھی کچھ باصلاحیت نوجوان شامل ہیں اور ہم ان سے بہت زیادہ توقعات وابستہ کیے ہوئے ہیں"۔خیال رہے کہ یہ آفریدی کا آخری ورلڈکپ ہے جس کے بعد انہوں نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رکھا ہے۔

متعلقہ عنوان :