وزیر اعلی کی جانب سے ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں کیلئے منظور کردہ اقدامات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائیگا‘ خواجہ سلمان رفیق،

سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی تعیناتی، ادویات کی 100 فیصد دستیابی، طبی آلات کی مرمت ودیگر امور کیلئے کمیٹیاں قائم ‘مشیر صحت کی زیر صدارت اجلاس

منگل 10 فروری 2015 23:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10فروری 2015ء ) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے سیکنڈری ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے تحصیل و ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کے لئے منظورکردہ اقدامات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گام، عوام کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے کسی قسم کی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یہ بات مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے چیف منسٹر ہیلتھ ریفارمز روڈ میپ کے تحت ڈسٹرکٹ اینڈ تحصیل ہیڈ کورارٹرز ہسپتالوں کیلئے وزیر اعلی کے منظور کردہ اقدامات پر عملدرآمد کے سلسلہ میں سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی- اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری صحت خواجہ عمران نذیر ، سیکرٹری ہیلتھ جواد رفیق ملک، سپیشل سیکرٹری ہیلتھ سلیمان مفتی، پراجیکٹ ڈائریکٹر پنجاب ہیلتھ سیکٹر ریفارمز پروگرام علی بہادر قاضی، ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ ڈویلپمنٹ محمود حسن، ڈائریکٹر ہیلتھ (ہیڈ کوارٹرز) ڈاکٹر احمد عفیفی اور دیگر افسران نے شرکت کی- خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب نے ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز پر سپیشلسٹ ڈاکٹرز کے لئے خصوصی مراعات کی منظوری دے دی ہے - یہ پیکج ہر ہسپتال کے لئے مختلف رکھا گیا ہے جسے زیادہ دور دراز علاقوں اور دیگر عوامل کو سامنے رکھ کر ترتیب دیا گیا ہے - انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی نےDHQ اوTHQ ہسپتالوں کے ایم ایس، ای ڈی او ہیلتھ کے لئے پرفارمنس کی بنیا دپر نقد حوصلہ افزائی کی بھی منطوری دی ہے - اجلاس میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی خالی آسامیوں پر بھرتی کے لئے لاہور، ملتان ، راولپنڈی اور فیصل آباد ریجن کی سطح پر چار ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا؛ ٹیم کا سربراہ میڈیکل کالج کا پرنسپل ہو گا جبکہ متعلقہ شعبہ کا پروفیسر ، کمشنر اور ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز شامل ہوں گے جبکہ لاہور کی کمیٹی میں سپیشل سیکرٹری ہیلتھ اور دیگر تینوں ریجن کی کمیٹیوں میں ایڈیشنل سیکرٹریز ہیلتھ کو شامل کیا گیا ہے- خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ تمام بھرتیاں خالص میرٹ کی بنیادپر ہوں گی- ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں 10 بنیادی سپیشلٹیزکے ڈاکٹرز جبکہ تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں 5 بنیادی سپیشلٹیز کے ڈاکٹرز تعینات کئے جائیں گے- اجلاس میں مذکورہ ہسپتالوں میں بنیادی ادویات کی 100 فیصد دستیابی، ضرورت کے مطابق اسسمنٹ، ضلع کی سطح پر ڈرگ فورکاسٹ سسٹم کے سلسلہ میں بھی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں- مزید برآں طبی آلات کی دستیابی ، مشینری اور آلات کی ریپیئر، مینٹیننس اور ریپلیسمنٹ کے بارے تمام ہسپتالوں سے فوری رپورٹ منگوانے کی ہدایت کی گئی- اس مقصد کے لئے بھی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے - اجلاس میں ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کی عمارات ، انفراسٹرکچر کی بہتری ، مرمت و تعمیر کے لئے بھی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کو پہلا تخمینہ لگانے کی ذمہ داری بھی دی گئی ہے - سیکرٹری صحت جواد رفیق ملک نے کہا کہ مذکورہ ہسپتالوں میں احتساب اور گڈ گورننس کو یقینی بنایا جائے گا - خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ضلع و تحصیل ہسپتالوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے متعلقہ ہسپتالوں کے ایم ایس ، ای ڈی اوہیلتھ کے علاوہ کمشنر ، ڈی سی او اور تحصیل کے انتظامی افسران کو کمیٹیوں میں شامل کیا گیا ہے تا کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف کے احکامات پر ان کی سپرٹ کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے اور مانیٹرنگ کا ایک موثر نظام بھی وضع کیا جا سکے - خواجہ سلمان رفیق نے تمام معاملات کا جائزہ لینے کے لئے سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس پندرہ دن بعد دوبارہ بلانے کی ہدایت کی-