وزیراعلیٰ سے میٹالرجیکل کارپوریشن آف چائنہ کے وفد کی ملاقات،چنیوٹ رجوعہ معدنی وسائل کے منصوبے کے کام پراظہار اطمینان

چنیوٹ رجوعہ معدنی وسائل کے منصوبے میں اہم پیش رفت، اعلی معیار کے لوہے کی تصدیق، چنیوٹ ۔رجوعہ میں معدنی وسائل کی تلاش کا منصوبہ نہایت اہم ہے،زمین میں چھپے خزانے پاکستان کیلئے تیل اورگیس سے کم نہیں:شہبازشریف پاکستان معدنی دولت سے مالامال ہے، معدنی وسائل کی تلاش کامنصوبہ قومی معیشت کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، دور آمریت میں پنجاب کے حکمرانوں نے منصوبے کے ساتھ گھناوٴنا کھیل کھیلا ،معدنی وسائل سے استفادہ کیلئے کوئی سنجیدہ کاوش نہ کی، قدرتی وسائل کو بروئے کار لاکر قومی معیشت کو مضبوط کیا جاسکتا ہے ،وزیراعلیٰ شہبازشریف کی چینی کمپنی کے وفد سے گفتگو

منگل 10 فروری 2015 23:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10فروری 2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں چنیوٹ ۔رجوعہ میں معدنی وسائل کے منصوبے پر کام کرنے والی چینی کمپنی میٹالرجیکل کارپوریشن آف چائنہ(MCC) کے وفدنے ملاقات کی،جس میں چنیوٹ۔رجوعہ میں معدنی وسائل کی تلاش و تصدیق کے منصوبے میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال ہوا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے چنیوٹ ۔

رجوعہ میں معدنی وسائل کے منصوبے پر اب تک ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چنیوٹ۔ رجوعہ میں معدنی وسائل کی تلاش کا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اوریہ منصوبہ پاکستان خصوصاً پنجاب کی معیشت کیلئے ایک انقلابی حیثیت رکھتا ہے جس کی تکمیل سے قومی معیشت کو استحکام ملے گا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل کی دولت سے مالا مال ہے جنہیں بروئے کار لاکر نا صرف قومی معیشت کو مضبوط کیا جاسکتا ہے بلکہ ترقی وخوشحالی کی منزل بھی حاصل کی جاسکتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زمین کی تہہ میں چھپی معدنی دولت ہماری آئندہ نسلوں کے مستقبل کو تابناک بنا سکتی ہے ۔ زمین میں چھپے یہ خزانے پاکستان کیلئے تیل اور گیس سے کم نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت نے اس منصوبے کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے انتہائی تیزرفتاری کے ساتھ کام کو آگے بڑھایا ہے ۔وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت قدرتی وسائل کو بروئے کار لانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اور کاوشیں کررہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ چنیوٹ ۔رجوعہ میں خام لوہے کے وسیع ذخائر موجود ہیں۔منصوبے پر اب تک ہونے والی پیش رفت انتہائی اطمینان بخش ہے۔انہوں نے کہا کہ چنیوٹ۔ رجوعہ میں خام لوہے کے نمونوں کی تصدیق بین الاقوامی لیبارٹریوں سے کرائی گئی ہے۔دریافت ہونے والے ذخائر کے نمونوں میں 65 فیصد تک اعلیٰ کوالٹی کے لوہے کی تصدیق ہوئی ہے جو پوری قوم کیلئے ایک خوشخبری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سابق دور آمریت کے دوران پنجاب کے حکمرانوں نے ذاتی لالچ اورملکی مفادات کو یکسر نظر اندازکرتے ہوئے اس منصوبے کے ساتھ گھناؤنا کھیل کھیلااورزمین کی تہہ میں موجود خزانوں سے استفادہ کرنے کیلئے کوئی کاوش نہیں کی گئی بلکہ اس ضمن میں مجرمانہ غفلت برتی گئی لیکن پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے اس منصوبے کی اہمیت کے پیش نظرشفاف طریقے سے بین الاقوامی کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کیں اورچینی کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے معدنی دولت کو استعمال میں لانے کیلئے ٹھوس حکمت عملی اپنائی ہے ۔چنیوٹ ۔رجوعہ میں خام لوہے کے ساتھ تانبااور دیگر قیمتی معدنی وسائل بھی دریافت ہو سکتے ہیں اور اس ضمن میں ابتدائی نتائج انتہائی حوصلہ افزاء ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خصوصاً پنجاب کی معیشت کیلئے چنیوٹ ۔رجوعہ میں معدنی وسائل کی تلاش کا منصوبہ انقلابی حیثیت رکھتا ہے اورانشاء اللہ زمین میں چھپے یہ خزانے ملک وقوم کی ترقی کے ضامن ثابت ہوں گے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ کو چنیوٹ ۔رجوعہ سے ملنے والے خام لوہے اور تانبے کے نمونے بھی دکھائے گئے۔جرمن ماہر ڈاکٹر جرگن ہرٹیش (Dr.Jurgen Hartsh)نے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی اورحاصل ہونے والے معدنی وسائل خصوصاً خام لوہے اورتانبے کے نمونوں کو انتہائی حوصلہ افزاء قرار دیا اورکہا کہ یہ اس منصوبے کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ہے۔صوبائی وزیر معدنیات شیر علی خان، سیکرٹری معدنیات، سیکرٹری اطلاعات، پراجیکٹ مینجر پنجاب منرل ڈویلپمنٹ کمپنی کے علاوہ میٹالرجیکل کارپوریشن آف چائنہ کے چیف اکنانومسٹ زینگ منگ ژنگ(Mr.Zhang Mengxing)، چیئرمین ایم سی سی مائننگ لمیٹڈ زو جیان ہوائی (Mr.Zou Jianhui) اور دیگر عہدیدار بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :