گوادر تا کاشغر شاہراہ کا روٹ بلوچستان سے تبدیل نہیں ہونے دینگے ،شیخ جعفرخان مندوخیل

منگل 10 فروری 2015 23:16

کوئٹہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10فروری 2015ء) پاکستان مسلم لیگ بلوچستان کے صدر و صو بائی وزیر ریونیو ایکسائزا ور ٹرانسپورٹ شیخ جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ گوادر تا کاشغر شاہراہ کا روٹ بلوچستان سے تبدیل نہیں ہونے دینگے کیونکہ یہ بلوچستان کی ترقی کی شہ رگ ہے اور اس کا روٹ تبدیل کرنا بلوچستان کے ساتھ ایک زیادتی ہو گی اور یہ پورے بلوچستان کی آواز ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے خصوصی ملاقات کے دوران کیا‘ملاقات میں دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا اور بلوچستان کے حوالے سے بھی خصوصی بات چیت ہو ئی ‘جعفرمندوخیل نے وزیراعلیٰ پنجاب پر واضح کیا کہ بلوچستان کے عوام گوادر کاشغر ہائی وے کا روٹ تبدیل کرنے پر شدید پریشانی کا شکار ہیں اور یہ پورے صوبے کے ساتھ ایک زیادتی تصور کی جارہی ہے کیونکہ یہ روٹ بلوچستان کی تعمیر و ترقی اور عوام کی خوشحالی میں بنیادی کردار ادا کریگا اور پہلے سے ہی یہ بات طے پائی تھی کہ گوادر کاشغر روٹ بلوچستان سے ہی گزریگا مگر اب اس کی تبدیلی کے اشارے نے تشویش کی صورتحال پیدا کی ہے جعفرمندوخیل کی اس بات سے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے اتفاق کیا کہ بلوچستان کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی وفاقی حکومت کی اؤلین ایجنڈا ہونا چاہئے اور یہاں صوبے کیلئے ترقی کے مواقع پیدا ہونے چاہئے وزیراعلیٰ پنجاب نے یقین دلایا کہ گوادر کاشغر ہائی وے کے روٹ کو تبدیل نہ کرنے کیلئے وہ وفاقی حکومت سے ضرور بات کرینگے اور بلوچستان کے عوام کی تشویش سے بھی وفاق کو آگاہ کیا جائیگا ۔

متعلقہ عنوان :