کراچی کی موجودہ صورتحال دیکھتے ہوئے محسوس ہورہا ہے کراچی کے حالات کو آئندہ سخت صورتحال کا سامنا ہوسکتا ہے ، سراج قاسم تیلی،

ملک اور شہر کے بہتر مفاد میں کام کریں گے لیکن حکومت کے کسی وزیر یا مشیر کی چاپلوسی نہیں کریں گے ، ظہرانے سے خطاب

منگل 10 فروری 2015 23:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10فروری 2015ء) بزنس مین گروپ کے سربراہ سراج قاسم تیلی نے کہا ہے کہ کراچی کی موجودہ صورتحال دیکھتے ہوئے محسوس ہورہا ہے کہ کراچی کے حالات کو آئندہ سخت صورتحال کا سامنا ہوسکتا ہے ،ملک اور شہر کے بہتر مفاد میں کام کریں گے لیکن حکومت کے کسی وزیر یا مشیر کی چاپلوسی نہیں کریں گے ، فیڈریشن میں جعلی چیمبرز اور ایسوسی ایشن کاخاتمہ اور من پسند افرادکی تعیناتی کی بجائے حقیقی تاجروصنعتکاروں کو صدارتی عہدے دئیے جانے کے بعد فیڈریشن آف پاکستان کی مشاورت کے بغیر ملکی معیشت نہیں چل سکتی، وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار خود مجبور ہوجائینگے اور فیڈریشن آف پاکستان کے بغیرپالیسیاں تشکیل دینے سے گریز کرینگے یہ بات انہوں نے گزشتہ روز کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈاینڈانڈسٹری کی جانب سے اپنے اعزازمیں دئیے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر کاٹی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر،کاٹی کے صدر راشد احمد صدیقی،میاں زاہد حسین،سینیٹر عبدالحسیب خان نے بھی اظہارخیال کیا جبکہ کراچی چیمبر کے صدر افتخاراحمد وہرہ،خالدتواب،طاہر خالق،ہارون فاروقی،ہارون باڑی،جاویدبلوانی، فیڈریشن کے سینئرنائب صدر عبدالرحیم جانو،نائب صدور اکرم راجپوت،وسیم وہرہ،زبیرطفیل، یحییٰ پولانی،سلیم صبا سمیت دیگر بھی موجودتھے۔

(جاری ہے)

سراج قاسم تیلی نے کہا کہ سیاستدانوں نے تاجربرادری کو تقسیم کیا تاکہ انکے مفاد پورے ہوتے رہیں ۔انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا 76فیصد ریونیو دیتا ہے اور 72 فیصد گیس کی پیداوار بھی ہوتی ہے لیکن اسکے باوجود کراچی والوں کے لیے گیس کے نئے کنکشنز دستیاب نہیں لیکن پنجاب سندھ کا حق استعمال کررہا ہے ۔اس موقع پر ٹی ڈیپ کے چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیر نے کہا کہ فوجی عدالتوں کے قیام کی منظوری پارلیمنٹ نے بھی دیدی ہے تو فوجی عدالتون نے ابتک کام شروع کیوں نہیں کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ڈی اے پی کے وسائل استعمال نہ کرکے8ماہ میں حکومت کے68لاکھ روپے بچائے ،ہماری کوشش ہے کہ ملکی برآمدات میں اضافہ ہو،ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے ایکسپو پاکستان26فروری سے کراچی ایکسپو سینٹر میں ہوگی جسکا افتتاح وزیراعظم کرینگے ۔انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی میں گزشتہ برسوں کے دوران لوٹ مار ہوئی ہے اور ہم کرپشن کو سامنے لائیں گے، اس سلسلے میں فیڈریشن چیمبر میں ایک کمیٹی قائم کردی گئی جو اپنی تحقیقاتی رپورٹ مرتب کرے گی،اس کے ساتھ ہی انہوں نے وزارت تجارت سے مطالبہ کیا کہ تمام جعلی چیمبرز اور ایسوسی ایشنز کا خاتمہ کیا جائے ۔

سینیٹر عبدالحسیب خان نے کہا کہ پاکستان کی معیشت بہت خراب حالت میں ہے اور یہ بات خوش آئند ہے کہ تاجربرادری اب ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوگئی ہے جس کے بعد یقین ہے کہ حکومت اب تاجربرادری کی مشاورت کے بغیر کوئی پالیسی نہیں بنائے گی۔میاں زاہد حسین نے کہا کہ سراج قاسم تیلی کی کاٹی میں پہلی بار آمد سے تجارتی برادری کیلئے ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے،ہم مشترکہ جدوجہد سے جہالت،غربت،کرپشن،مہنگائی کے اندھیرے کو دور کرنے کی جدوجہد کریں گے۔

کاٹی کے صدر راشد احمدصدیقی نے کہا کہ کراچی چیمبر میں1998میں سومنات کا مندر گرانے میں سراج قاسم تیلی اور ایس ایم منیر کا ہی کردار تھا اور اب فیڈریشن سے بھی وہی سومنات کا مندر ایس ایم منیر،افتخار علی ملک،سراج قاسم تیلی کی مشترکہ ٹیم نے ہی گرایا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی اور پاکستان کی تاجربرادری اور ملکی معیشت کے بہتر مفاد میں ہم سب کو یکجا ہوجانا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :