صوبائی کابینہ کااجلاس،امن وامان کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیاگیا،

صوبائی کابینہ نے ریکو ڈک منصوبے کے حوالے سے آئین کے آرٹیکل 186کے تحت وفاقی حکومت کو خط لکھنے کی منظوری بھی دی، عبدالرحیم زیارتوال

منگل 10 فروری 2015 22:44

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10فروری 2015ء )وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی زیر صدارت کوئٹہ میں صوبائی کابینہ کے اجلاس میں صوبے میں امن وامان کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیاگیا صوبائی کابینہ نے ریکو ڈک منصوبے کے حوالے سے آئین کے آرٹیکل 186کے تحت وفاقی حکومت کو خط لکھنے کی منظوری بھی دی۔کوئٹہ میں صوبائی کابینہ کے اجلاس کے بعد اس میں کئے گئے فیصلوں کے حوالے سے میڈیا بریفنگ میں وزیراطلاعات بلوچستان عبدالرحیم زیارتوال کا کہنا تھا کہ آج کابینہ کے اجلاس میں نو مختلف مسودہ قوانین کے حوالے سے منظوری دی گئِی۔

جن میں اراکین اسمبلی کے مشاہروں اور مراعات کے1975کے ایکٹ میں ترمیم اور خواتین کو ہراساں کئے جانے کیخلاف کا مسودات شامل ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں صوبے میں امن وامان کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیاگیا اور بتایا گیا کہ ماضی کی نسبت بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں 50ارب روپے لاگت کی 616سابقہ اور 670نئی اسکیموں پر کام جاری ہے اور وہ یقین دلاتے ہیں کہ صوبے کے پی ایس ڈی پی کے تحت فنڈز کو مکمل طور پر استعمال کیاجائیگا۔

وزیراطلاعات بلوچستان عبدالرحیم زیارتوال نے اس تاثر کو یکسر رد کردیا ہے کہ گوادر کاشغر اقتصادی راہداری کے روٹ میں کوئی تبدیلی کی جارہی ہے۔ان کا کہناتھا کہ اس حوالے سے پراپیگنڈا بے بنیاد ہے۔ ان کا یہ بھی کہناتھا کہ صوبائی اسمبلی کا اجلاس رواں ماہ طلب کیاجارہاہے جس میں کابینہ کے اجلاس میں منظور کئے گئے مسودہ قانون کو پیش کیا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے بتایا کہ مسلم لیگ ن کے صوبائی وزرا نے کابینہ اجلاس میں شرکت نہیں کی۔