ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب مل کر ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لئے جدوجہد کریں‘رانا محمد اقبال،

ہمارا مستقبل اللہ کے فضل وکرم سے روشن ہے اور وہ وقت دور نہیں جب ہمارا ملک بھی ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہوگا‘قائمقام گورنر پنجاب

منگل 10 فروری 2015 22:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10فروری 2015ء ) قائمقام گورنر پنجاب رانا محمد اقبال نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا خاتمہ کئے بغیر ہم ترقی نہیں کر سکتے، ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے پر ملک کی تمام سیاسی جماعتیں ، سکیورٹی فورسز اورپوری قوم متحدہیں اور ہماری مسلح افواج دہشت گردوں کا قلعہ قمع کرنے کے لئے کامیاب آپریشن جاری کئے ہوئے ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ایک مقامی ہوٹل لاہور میں انقلاب اسلامی ایران کی 36ویں سالگرہ کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ایرانی قونصل جنرل لاہور محمد بنی اسدی اور ممبر قومی اسمبلی پرویز ملک بھی موجود تھے۔ قائم مقام گورنر پنجاب نے کہا کہ بلاشبہ ہمارا ملک اس وقت بے شمار مسائل سے دوچار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب مل کر ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لئے جدوجہد کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مستقبل اللہ کے فضل وکرم سے روشن ہے اور وہ وقت دور نہیں جب ہمارا ملک بھی ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں محنت ،خدمت ،دیانت اور خلوص دل کے ساتھ کام کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی صفوں میں یکجہتی اور اتحاد کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔ قائم مقام گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان قدیم، تاریخی اور ثقافتی تعلقات باہمی احترام اور دو طرفہ تعاون پر قائم ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے اور اہم عالمی معاملات پر دونوں ممالک کا یکساں موٴقف ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کے فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ عوامی سطح ُپر روابطوں میں تیزی آسکے اور دونوں ممالک کے عوام میں خوشحالی لائی جا سکے۔اس موقع پر قائم مقام گورنر پنجاب نے انقلاب اسلامی ایران کی 36ویں سالگرہ کے موقع پر کیک بھی کاٹا۔

متعلقہ عنوان :