سیکرٹری ہیلتھ نے ہسپتالوں سے چوری شدہ ادویات سکینڈل کی تحقیقات کے لئے کمیٹی قائم کردی

منگل 10 فروری 2015 22:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10فروری 2015ء ) سیکرٹری صحت پنجاب جواد رفیق ملک نے سرکاری ہسپتالوں سے چوری ہونے والی ادویات کے سکینڈل کی تحقیقات کرنے کے لئے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے - یہ چوری شدہ ادویات ایف آئی اے اور محکمہ صحت کے داتاگنج بخش ٹاؤن کے ڈرگ انسپکٹر پر مشتمل مشترکہ ٹیموں کے چھاپے کے نتیجے میں برآمد ہوئی تھیں جنہیں لوہاری گیٹ مارکیٹ میں فروخت کیا جارہا تھا- قائم کردہ تحقیقاتی کمیٹی کے کنوینئر علامہ اقبال میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر محمودشوکت ہوں گے جبکہ ای ڈی او ہیلتھ لاہور ڈاکٹر ذوالفقار ، چیف ڈرگ کنٹرولر پنجاب ذکاء الرحمن اور چیف فارماسسٹ عثمان ابراہیم اس کمیٹی کے ممبران میں شامل ہیں-سیکرٹری ہیلتھ جواد رفیق ملک نے ہدایت کی ہے کہ اس معاملے کی مکمل چھان بین کرکے واضح طور پر ذمہ داری کا تعین کیا جائے اور ہر حال میں 24گھنٹے کے اندر رپورٹ پیش کی جائے۔