فیصل آباد،الطاف حسین کی طرف سے پی ٹی آئی کی خواتین بارے نازیبا کلمات اور سانحہ بلدیہ ٹاؤن میں ایم کیو ایم کے ملوث ہونے پر آج تحریک انصاف کے کارکن احتجاجی مظاہرہ کرینگے

منگل 10 فروری 2015 22:11

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10فروری 2015ء ) متحد ہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی طرف سے پی ٹی آئی کی خواتین بارے میں نازیبا کلمات اور سانحہ بلدیہ ٹاؤن میں ایم کیو ایم کے ملوث ہونے پر تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کی اپیل پرآج ( گیارہ فروری )دو بجے ضلع کونسل چوک میں تحریک انصاف کے کارکن احتجاجی مظاہرہ کرینگے، مرکزی صدر انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن میاں فرخ حبیب نے آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سا نحہ بلدیہ ٹاون میں 259مزدورں کو انتہائی سفاکانہ اور بہیمانہ انداز سے زندہ جلاکر ایم کیو ایم نے انسانیت سوز سلوک کی بد ترین مثال قائم کی ہے۔

ایم کیو ایم کو دہشت گردتنظیم قرار دے کراس پر پابندی لگائی جائے اور اس واقعے کے ذمہ داران بالخصوص الطاف حسین اور ڈاکٹر فاروق ستار،حیدر عباس رضوی،رشید گوڈیل کو گرفتار کرکے ملزموں کے کٹہرے میں لایا جائے اور اس واقعہ کا کیس ملٹری کورٹ میں چلایاجائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی کو تباہ کرنے میں الطاف حسین کا بڑا ہاتھ ہے، اب وقت آگیا ہے کہ قوم الطاف حسین کی دہشت گردی کیخلاف کھڑی ہو ، الطاف حسین کو لیڈر کہنا توہین ہے ،بزدل شخص کبھی لیڈر نہیں بن سکتا،ایم کیو ایم خود کومسلح ونگز اور الطاف حسین سے علیحدہ کرلے، حکومت عمران فاروق قتل کیس کے گواہوں کو برطانیہ کے حوالے کرے، سانحہ بلدیہ ٹاؤن میں بھی دہشت گردی ہوئی اس کا کیس بھی ملٹری کورٹ میں چلایا جائے، وزیراعظم سانحہ بلدیہ ٹاؤن کی جے آئی ٹی رپورٹ پر ایکشن لیں،الطاف حسین پر تحریک انصاف کی خواتین کارکنوں کیخلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر برطانیہ میں ہتک عزت کا مقدمہ درج کرایا جائے گا، ایم کیوایم کا مسلح ونگ ختم کیے بغیر کراچی سے ٹارگٹ کلنگ ختم نہیں ہوگی،تحریک انصاف فیصل آباد کے زیر اہتمام گیارہ فروری دو بجے ضلع کونسل چوک میں قائد متحد ہ قومی موومنٹ الطاف حسین کی طرف سے پی ٹی آئی خواتین بارے نازیبا کلمات اور سانحہ بلدیہ 280 افراد کی ہلاکت میں ملوث ہونے پر گرفتار کئے جانے کے حوالے سے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا جس میں پی ٹی آئی ضلع اور تمام تحصیلوں کے کارکنان شرکت کریں گے ۔