نندی پور پاور پلانٹ 10 سال کیلئے ملائیشیا کی کمپنی کے حوالے کر دیا گیا

منگل 10 فروری 2015 20:38

نندی پور پاور پلانٹ 10 سال کیلئے ملائیشیا کی کمپنی کے حوالے کر دیا گیا

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10فروری۔2015ء) نادرن پاور جنریشن کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے نندی پور پاور پلانٹ 10 سال کیلئے نجی کمپنی کے حوالے کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بولی کے ذریعے ملائیشیا کی کمپنی کا انتخاب بھی کر لیا گیا ہے جسے 6 کروڑ روپے ماہانہ سروس چارجز ادا کئے جائیں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری شعبے میں پاور پلانٹس چلانے کا تجربہ ناکام ہو چکا ہے اس لئے نندی پور پاور پلانٹ کو 10 سال کیلئے ملائیشیا کی کمپنی کے حوالے کیا جا رہا ہے۔

نندی پور پاور پلانٹ کے ایم ڈی کے مطابق ملائیشیا کی کمپنی کو 6 کروڑ روپے ماہانہ سروس چارجز ادا کئے جائیں گے جبکہ بجلی کی پیداوار اور پلانٹ کی دیکھ بھال کمپنی کی ذمہ داری ہو گی۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں اس پراجیکٹ کو بند کر دیا گیا تھا جس پر موجودہ حکمران جماعت مسلم لیگ ن نے پیپلز پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور کہا تھا کہ وہ اپنے دور حکومت میں اپنے ”تجربے“ کی بناءپر اس پراجیکٹ کو مکمل کر کے بجلی بحران ختم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے تاہم اب اسی ”تجربہ“ کار حکومت نے اس پراجیکٹ کو ملائیشیا کی کمپنی کے حوالے کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

توانائی شعبے کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے پراجیکٹ کو مکمل نہ کر پانا اور اسے نجی کمپنی کے حوالے کر دینا حکومت کی ناکامی ہے۔