متحدہ کا سندھ حکومت میں شمولیت ، سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ

منگل 10 فروری 2015 10:45

متحدہ کا سندھ حکومت میں شمولیت ، سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10فروری 2015ء) لندن میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے ملاقات کے بعد سینیٹررحمان ملک کا کہنا ہے کہ متحدہ نے سندھ حکومت میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا ہے ، دونوں جماعتیں مل کر سینیٹ انتخابات میں حصہ لیں گی۔ آصف زرداری کی درخواست پرمسلم لیگ ق نے پنجاب میں سینیٹ انتخابات کے لئے پیپلز پارٹی کی حمایت کا اعلان کر دیا جبکہ مسلم لیگ فنکشنل نے سینیٹ انتخابات میں پیپلزپارٹی سے اتحاد مسترد کر دیا ہے ۔

میدان سیاست میں کچھ بھی حرف آخر نہیں ۔ کل کے حریف آج کے حلیف آج کے حلیف کل کے حریف سینیٹ الیکشن نے بڑے بڑوں کو سر جوڑ کر بیٹھنے پر مجبور کر دیا۔ پیپلز پارٹی کے سینیٹر رحمان ملک نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا لندن میں ملاقات بامقصد رہی ۔

(جاری ہے)

الطاف حسین نے ان کے موقف کو مثبت انداز میں سنا ، انہوں نے اس راز سے بھی پردہ اٹھایا کہ ایم کیو ایم نے سندھ حکومت میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا ہے ۔

دونوں جماعتیں سینیٹ انتخابات میں مشترکہ طور پر حصہ بھی لیں گی ، پیپلز پارٹی 7 جبکہ ایم کیو ایم 4 نشستوں پر انتخابات لڑے گی ۔ دوسری طرف آصف علی زرداری نے مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین سے ٹیلی فونک رابطے میں پنجاب میں سینیٹ کا انتخاب مل کر لڑنے اور پنجاب میں پیپلز پارٹی کے امیدوار ندیم افضل چن کی حمایت کی درخواست کی جسے چودھری شجاعت حسین نے قبول کر لیا ، مسلم لیگ ق اب پنجاب میں اپنا امیدوار کھڑا نہیں کرے گی ادھر مسلم لیگ فنکشنل نے سینیٹ انتخابات میں پیپلز پارٹی سے اتحاد مسترد کرتے ہوئے اپنے دو امیدوار سامنے لانے کا فیصلہ کیا ہے ۔

فنکشنل لیگ کے رہنماؤں نے تمام اپوزیشن جماعتوں کو متحد کر کے سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کی تجویز بھی دی۔ فنکشنل لیگ کا کہنا ہے سینیٹ انتخابات میں ساتھ دینے کے لئے ایم کیو ایم اور ن لیگ سے بھی رابطے کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :