ملک بھر کی جامعات میں سات ہزار غیر ملکی طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں ، تمام معلومات ایچ ای سی کے پاس موجود ہیں، ترجمان ایچ ای سی

پیر 9 فروری 2015 23:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9فروری 2015ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ترجمان عائشہ اکرام نے کہا ہے کہ ملک بھر کی جامعات میں سات ہزار غیر ملکی طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں جس کی تمام معلومات ایچ ای سی کے پاس موجود ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ترجمان عائشہ اکرام نے میڈیا میں آنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر کی جامعات میں زیر تعلیم غیر ملکی طلبہ و طالبات کی تعداد تقریباً سات ہزار ہے ۔

انہوں نے آن لائن کو بتایا کہ میڈیا نے گزشتہ روز موقف لئے بغیر خبر نشر کی تھی جس کے مطابق ایچ ای سی کو غیر ملکی طلبہ و طالبات کے بارے میں علم نہیں تاہم ترجمان نے بتایا کہ ایچ ای سی کے پاس ان تمام طلباء و طالبات کی تمام معلومات اور بائیو ڈیٹا موجود ہے جو کہ ملک بھر کی سرکاری ، نیم سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم ہیں ۔

(جاری ہے)

آن لائنء کے پاس موجود دستاویزات کے مطابق ملک بھر کی جامعات میں سب سے زیادہ افغانستان کے طلباء و طالبات زیر تعلیم ہیں جن کی تعداد 3327ہے ۔

افغانستان کے بعد چائنا کے طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں جن کی تعداد 767ہے ۔ صومالیہ کے 364، سوڈان کے 286،اوورسیز پاکستانیوں کی تعداد 181ہے ، سعودی عرب کے 177 اور اردن کے 146، فلسطین کے 152، یمن کے 113،نائیجیریا کے 145، کینیا کے 71انڈونیشیا کے 86، ایران کے 65، مقبوضہ کشمیر کے 77،بھارت کے 12،مصر کے 12،ایتھوپیا کے 8، جرمنی کے 11، گھانا کے 3،کازقستان کے 5، لیبیا کے 11، آسٹریلیا کے چار ، آسٹریا کا ایک اور الجیریا کے 13، بنگلہ دیش کے 41، بحرین کے 7 ، امریکہ کے 119، تھائی لینڈ کے 81 متحدہ عرب امارات کے 46 ، ترکی کے 140، سری لنکا کے 43اور اسی طرح دیگر ممالک کے طلباء و طالبات بھی ملک بھر کی جامعات میں زیر تعلیم ہیں ان کا مکمل بائیو ڈیٹاور انفارمیشن ایچ ای سی کے پاس موجود ہے ۔

متعلقہ عنوان :