کراچی،،پروفیسر ڈاکٹر افضال حسین قادری (مرحوم )کی شخصیت پر مرتبہ کتاب ”افضال حسین قادری“ کی تقریب رونمائی آج ہوگی

پیر 9 فروری 2015 23:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9فروری 2015ء) عالمی شہرت یافتہ سائنس داں،مجاہد تحریک پاکستان،پروفیسر آف ایمریٹس،ڈین فیکلٹی آف سائنس(جامعہ کراچی)پروفیسر ڈاکٹر افضال حسین قادری (مرحوم )کی شخصیت پر مرتبہ کتاب ”افضال حسین قادری“ کی تقریب رونمائی آج(منگل) کو شام 7 بجے آرٹس کونسل کراچی میں منعقد ہوگی۔تقریب کی صدارت ضیاء الدین یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضا صدیقی کریں گے۔

مقررین میں پروفیسر ڈاکٹر امتیاز احمد، پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن،پروفیسر ڈاکٹر وقار احمد زبیری، پروفیسر ڈاکٹر پرویز صدیقی،انوار حسین قادری(فرزند) شامل ہیں۔ نظامت کے فرائض رضوان صدیقی انجام دیں گے۔یاد رہے کہ افضال حسین قادری نے نہ صرف زمانہ طالب علمی میں تحریک پاکستان میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا بلکہ قائد اعظم محمد علی جناح اور قائد ملت خان لیاقت علی خان سے خط و کتابت کی اور آل انڈیا مسلم لیگ کی تعلیمی کمیٹی کے کنوینر بھی رہے۔

(جاری ہے)

اس کتاب میں خطوط کا متن بھی شامل ہے۔پروفیسر ڈاکٹر افضال حسین قادری نے پہلے 1936 میں علی گڑھ یونیورسٹی اور پھر 1938 میں کیمبرج یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی تعلیم مکمل کی۔اردو میں سائنس کی تعلیم کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔وہ 1952 میں جامعہ کراچی میں ڈین آف سائنس اور 1974 میں پروفیسر آف ایمریٹس مقرر ہوئے۔افضال حسین قادری نے 1974 میں دار فانی سے کوچ کیا۔

متعلقہ عنوان :