کراچی ،وزیر اعلیٰ سندھ کی پیپلزپارٹی سٹی ایریا کے صدر احسان دانش کی دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ہلاکت کی مذمت

پیر 9 فروری 2015 23:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9فروری 2015ء) وزیر اعلیٰ سندھ اور پی پی سندھ کے صدر سید قائم علی شاہ نے پاکستان پیپلزپارٹی سٹی ایریا پی ایس 118گلشن اقبال کے صدر احسان دانش کی دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ہلاکت کی پر زور الفاظ میں مذمت کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے احسان دان کی شہادت کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سندھ کو واقعے میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لانے اور واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کرکے جلد رپورٹ پیش کرنے کے احکامات دیئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے احسان دانش کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کی ہے۔دریں اثناء پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر تاج حیدر، وزیراعلیٰ سندھ کے معاونین خصوصی راشد ربانی اور وقار مہدی نے احسان دانش کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس سانحے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔