پاکستان فارن سروس اہم شعبہ ہے جو دنیا بھر میں پاکستان کے بہتر تشخص کیلئے کام کرتا ہے،عشرت العباد ،

سروس سے وابستہ افراد پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں ،وہ پاکستان کا سافٹ امیج دنیا بھر میں متعارف کروائیں اس وقت پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ اس کے تشخص کا ہے، عالمی میڈیا اور دشمن عناصر نے مل کر پاکستان کی حقیقی پہچان کو مسخ کررکھا ہے ،گورنر سندھ

پیر 9 فروری 2015 22:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9فروری 2015ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ پاکستان فارن سروس اہم شعبہ ہے جو دنیا بھر میں پاکستان کے بہتر تشخص کیلئے کام کرتا ہے اس سروس سے وابستہ افراد بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ وہ پاکستان کا سافٹ امیج دنیا بھر میں متعارف کروائیں اس وقت پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ اس کے تشخص کا ہے، عالمی میڈیا اور پاکستان دشمن عناصر نے مل کر پاکستان کی حقیقی پہچان کو مسخ کررکھا ہے ، انہوں نے کہاکہ نوجوان افسران اس بات کو اپنی بنیادی ذمہ داری سمجھیں کہ وہ دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان بنیں گے اور بیرونی ممالک رہنے والے پاکستانیوں کے لیے سہارا ثابت ہونگے، یہ بات انہوں نے گورنر ہاوٴس میں فارن سروس اکیڈمی کے 34 ویں خصوصی کورس کے 21 رکنی وفد سے گفتگو میں کہی، وفد کی قیادت فارن سروس اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل محسن رضوی اور ڈائریکٹر پروگرام ممتاز زہرہ بلوچ کررہے تھے، گورنر سندھ نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کار خواہش رکھتے ہوئے بھی پاکستان آنے سے خوفزدہ ہیں اس کی وجہ تو یہ ہے کہ ان کے ملکوں کی طرف سفری ہدایات منفی مہیا کی جاتی ہے اور دوسرا یہ کہ میڈیا بھی چھوٹے چھوٹے واقعات کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے اس سے خوف کا ابھرنا ایک فطری امر ہے ، انہوں نے کہا کہ اس ابہام کو دور کرنا پاکستان فارن سروس افسران کی اہم ذمہ داری ہے، انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک سے تعلق رکھنے والا کوئی وفد جب بھی پاکستان آتا ہے وہ یہاں کے زمینی حقائق کو دیکھ کر حیران رہ جاتا ہے کیونکہ یہاں دنیا کے دیگر ممالک کی طرح نظام زندگی رواں دواں ہے اکثر وفود اس بات کا برملا اظہار کرچکے ہیں کہ جو کچھ انہوں نے پاکستان کے متعلق سنا وہ یکسر غلط تھا، انہوں نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کیلئے خطے کا انتہائی پر کشش ملک ہے لہٰذا بیرون سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے راغب کرنے کیلئے انہیں اپنی بھرپور صلاحیتوں کا استعمال کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ اکیڈمی کے شرکاء کیلئے کامیاب مستقبل کی خواہش ظاہر کی۔