پنجاب حکومت کے بروقت اقدامات سے ٹرانسپورٹ کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے،

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کے ثمرات عوام کو منتقل کئے جا رہے ہیں:شہبازشریف، عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات میں غفلت برداشت نہیں، وزراء اور متعلقہ حکام قیمتوں میں کمی کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کا خود موقع پر جا کر جائزہ لیں ٹرانسپورٹ کرایوں او ر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں، وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کا ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس سے خطاب

پیر 9 فروری 2015 22:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9فروری 2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کے ثمرات صوبے کے عوام کو منتقل کئے جا رہے ہیں۔ پنجاب حکومت کے موثر اور بروقت اقدامات کے باعث ٹرانسپورٹ کرایوں کے ساتھ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔ قیمتوں میں کمی کے حوالے سے اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رہنے چاہئیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار آج ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کے بعد اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی لانے کے اقدامات پر عملدرآمد کا جائزہ لیاگیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی میں سستی یا غفلت برداشت نہیں۔

عوام کا مفاد سب سے زیادہ عزیز ہے، کسی کو عوام کا استحصال نہیں کرنے دوں گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اوورچارجنگ کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے اور صوبائی پرائس کنٹرول کمیٹی ٹرانسپورٹ کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی باقاعدہ مانیٹرنگ جاری رکھے اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کی جائے۔

وزیراعلیٰ نے صوبائی وزراء اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ قیمتوں میں کمی کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کا خودموقع پر جا کر جائزہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ ایسوسی ایشنز کے ساتھ بات چیت کرکے بعض اشیاء کی قیمتوں میں مزید کمی کرانے کے حوالے سے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔صوبائی وزراء چوہدری محمد شفیق، بلال یاسین، ڈاکٹر فرخ جاوید، ایم پی اے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، چیف سیکرٹری، متعلقہ سیکرٹریز، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی سی او لاہور اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی

متعلقہ عنوان :