پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے مابین طلاق ابھی موٴثر نہیں ہوئی ، محمد جمیل

پیر 9 فروری 2015 22:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9فروری 2015ء) پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدر محمد جمیل نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے مابین طلاق ابھی موٴثر نہیں ہوئی تھی اسلئے ان میں دوبارہ اتحاد کے امکانات سو فیصد روشن ہیں، یہاں ایک بیان میں انہوں نے کہا پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم میں دراصل میاں بیوی والا جھگڑا ہے اور ایم کیو ایم ایک بار پھر پیپلز پارٹی کے گھر آباد ہونے پر آمادہ نظر آرہی ہے، سینٹ کے متوقع انتخابات میں مک مکا اور بارگیننگ کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا ملکی سیاست میں موجود مخصوص مافیا نے لوٹی ہوئی دولت کے بل بوتے پر قومی ،جمہوری اور عوامی اداروں کو مکمل طور پر یرغمال بنا رکھا ہے اورایک دوسرے کی میگا کرپشن اور لوٹ مار کو تحفظ دینے کیلئے سینٹ کی نشستوں پر آپس میں مک مکا کرلیا جاتا ہے تاکہ متوسط طبقے کی قیادت کو آگے آنے کا موقع ہی میسر نہ آسکے،انہوں نے کہا قومی اسمبلی اور سینٹ میں اسوقت متوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والا کوئی بھی نمائندہ موجود نہیں جو محروم اور پسے ہوئے طبقات کیلئے آواز بلند کرسکے ،اراکین اسمبلی کی اکثریت الیکشن کمیشن کو اپنے اثاثوں کی غلط تفصیلات فراہم کرنے کے باوجود پوری ڈھٹائی سے اپنے عہدوں پر فائز ہے،الیکشن کمیشن اور دیگر متعلقہ اداروں نے بھی اراکین اسمبلی کا جھوٹ پکڑے کیلئے ہمیشہ قانونی کاروائی سے گریز کیا،انہوں نے مزید کہا جب تک متوسط طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کو اسمبلیوں میں پہنچنے کا موقع فراہم نہیں کیا جاتا کسی بھی مسئلے کے حل کی توقع رکھنا فضول ہوگا۔