کوئٹہ،غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ نے کاروبار زندگی عملی طور پر مفلوج کردیا ،

24گھنٹوں میں بجلی صرف 3گھنٹے آتی ہے ،علاقہ مکینوں کی احتجاج کی دھمکی

پیر 9 فروری 2015 22:35

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9فروری 2015ء) کوئٹہ کے گنجان آباد علاقے ہنہ اوڑک میں غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ نے کاروبار زندگی عملی طور پر مفلوج کردیا، 24 گھنٹوں میں بجلی صرف 3گھنٹے آتی ہے ،علاقہ مکینوں نے کیسکو کے خلاف کنٹینررکھ کر احتجاج کی دھمکی دے دی،تفصیلات کے مطابق ہنہ اوڑک اور گردنواح میں طویل برقی بندش کے باعث اہلیان علاقہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اور کاروبار زندگی عملی طور پر مفلوج ہوکر رہ گیا ہے۔علاقے کے معتبررہنماء ملک اللہ داد خان کاکڑ،محمد عظیم خان ،دل آرام خان عرف لالک،آمان اللہ کاکڑاور شیر محمد شموزئی نے بتایا کہ لوڈشیڈنگ کے کوئی اوقات کار مقرر نہیں اور کئی کئی گھٹنے تک بجلی بند رہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہنہ اوڑک کا علاقہ پورے صوبے اور ملک کے عوام کے لیے صحت مندانہ پرتفریح مقام ہے تاہم اس علاقے کے عوام کے ساتھ بجلی کی ترسیل کمپنی نے انتہائی ناروا سلوک روا رکھا ہوا ہے اور بجلی نہ ہونے کے برابر ہے اور24گھنٹوں میں بجلی صرف 3گھنٹے آتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا علاقے میں جس دن وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ آتے ہیں تو اس دن بجلی نہیں جاتی لیکن اس کے عوض 3دن بجلی نہیں ہوتی ہے جو علاقے کے عوام کے ساتھ سراسر ناانصافی ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہنہ اوڑک میں بجلی کی غیر اعلانیہ بندش ختم کی جائے بصورت دیگر اہلیان علاقہ کیسکو کے خلاف احتجاج پر مجبور ہونگے۔