وارم اپ میچ: پاکستان نے بنگلا دیش کو3وکٹ سے ہرادیا

پیر 9 فروری 2015 16:32

وارم اپ میچ: پاکستان نے بنگلا دیش کو3وکٹ سے ہرادیا

سڈنی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9فروری 2015ء) ورلڈ کپ2015ء کے وارم اپ میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کوتین وکٹ سے ہرا دیا۔ وارم اپ میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کرپاکستان کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور49.5 اوور ز میں پوری ٹیم 246رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔پاکستان نے مطلوبہ 48.1اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔پاکستان کے صہیب مقصود نے93رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کے قومی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

بنگلہ دیش کے بلے بازوں میں محمد اللہ نے83 اور تمیم 81رنز کیساتھ نمایاں رہے جبکہ پاکستانی باؤلروں میں محمد عرفان نے5اور یاسر شاہ نے 2وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان کا آغاز زیادہ اچھا نہ تھا اور پہلے ہی اوور میں سرفراز ایک کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہوگئے۔پاکستان کی دوسری وکٹ 8 کے سکور پر اس وقت گری جب احمد شہزاد5رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

(جاری ہے)

تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین یونس خان تھے جنہوں نے 25 رنز بنائےاور اس موقع پر پاکستانی ٹیم مشکلات سے دوچار نظر آئی لیکن اس کے بعد حارث سہیل اور صہیب مقصود نے ٹیم کو سنبھالا اور سکور 103 پر لے گئے۔

تاہم اس موقع پر حارث سہیل 39 رنز بناکر صہیب مقصود کا ساتھ چھوڑ گئےلیکن عمر اکمل نے ان کا اچھا ساتھ دیتے ہوئے 39رنز بنائے اور 166کے سکور پر وہ بھی 39 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کی جیت میں صہیب مقصود نے اہم کردار ادا کیا اور آخری وقت تک وہ کریز پر موجود رہے.دیگر کھلاڑیو ں میں حارث سہیل اور عمر اکمل نے 39,39رنز بنائے ۔بنگلہ دیش کے باؤلروں میں مرتضیٰ اور تسکین نے 2,2وکٹیں حاصل کیں۔

متعلقہ عنوان :