سانحہ بلدیہ ٹاؤن کی جے آئی ٹی رپورٹ بے بنیاد ،ایم کیو ایم نے رپورٹ عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا

اتوار 8 فروری 2015 20:19

سانحہ بلدیہ ٹاؤن کی جے آئی ٹی رپورٹ بے بنیاد ،ایم کیو ایم نے رپورٹ عدالت ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔8فروری۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ سانحہ بلدیہ ٹاؤن کے بارے میں رینجرز کی طرف سے پیش کی جانے والی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کی رپورٹ کی کوئی حیثیت نہیں ہے لیکن اس کی بنیاد پر ایم کیو ایم کیخلاف بے بنیاد بیان بازی کی جا رہی، اس پہلے بھی جناح پور سازش جیسے کئی الزامات لگے مگر ہم بے گناہ ثابت ہوئے، ایسے الزامات ی مذمت کرتے ہیں اور اس رپورٹ کیخلاد عدالت سے رجوع کریں گے۔

متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماء حیدر عباس رضوی نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ایک بار پھر ایم کیو ایم کیخلاف سازشیں شروع کر دیں گئیں، بے بنیاد الزام کے بعد پارٹی پروپیگنڈہ کرتے ہوئے میڈیا ٹرائل شروع کر دیا گیا جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے بھی ایم کیو ایم کیخلاف کئی جے آئی ٹی رپورٹس بنائی گئیں، جناح پور کی سازش کا الزام ایم کیو ایم پر لگا مگر کئی سال گزرنے کے بعد بھی یہ الزام ثابت نہیں کیا جا سکا مگر اس بنیاد پر ہمارے ہزاروں کارکن شہید ہوئے اور ہمیں ملک دشمن قرار دیدیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ اس الزام کے ماسٹر مائنڈ کو فوج نے خود جھوٹا ملزم قرار دے کر اس کا ٹرائل کیا مگر آج تک ہمارے بے قصور کارکنوں کے خون کا حساب نہیں دیا گیا۔ رکن رابطہ کمیٹی نے کہا کہ جناح پور سازش کی طرح سانحہ بلدیہ ٹاؤن بھی ایک بے بنیاد الزام ہے، اس واقعے کی تحقیقات ایک آزاد کمیشن نے کیں تھیں جس میں ایم کیو ایم کا نام تک نہیں آیا مگر آج ایک بے بنیاد شوشا چلا کر سنی سنائی باتوں پر مشتمل جے آئی ٹی کے ذریعے ہمارا امیج خراب کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ واحد الزام نہیں ہے، ہم پر حکیم سعید قتل کیس بنایا گیا اور پھر یوم عاشورہ پر ہونے والے دھماکوں کا الزام لگایا گیا مگر آج یہاں موجود ہیں اور ہمارے ہاتھ صاف ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کرنے والا جوڈیشل کمیشن اپنی رپورٹ ایک سال پہلے دے چکا ہے اور حالیہ جے آئی ٹی پر تو ابھی عدالت کو فیصلہ دینا ہے کہ وہ یہ الزام قبول بھی کرتی ہے یا نہیں مگر میڈیا پر ہمارے خلاف فیصلے دیئے جا رہیں۔

حیدر عباس رضوی نے کہا کہ ایسی جے آئی ٹی کی کوئی حیثیت ہی نہیں ہے مگر ہمارے خلاف طالبان کی حمایتی جماعتیں ہمارے خلاف بیان بازی کر رہیں حالانکہ ان کے اپنے گھروں سے القاعدہ کے رہنماء گرفتار ہوتے رہے مگر ان واقعات پر کبھی جے آئی ٹی نہیں بنی۔اس موقع پر دیگر قائدین نے بھی گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پر لگنے والے الزامات کی شدید مذمت کی۔

متعلقہ عنوان :