سانحہ بلدیہ ٹاؤن، لیبر کا ٹھیکہ بھی ملزم رضوان قریشی کے پاس تھا

ہفتہ 7 فروری 2015 23:57

سانحہ بلدیہ ٹاؤن، لیبر کا ٹھیکہ بھی ملزم رضوان قریشی کے پاس تھا

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔7فروری۔2015ء) سانحہ بلدیہ ٹاؤن کی جوائنٹ انویسٹی گیشن میں مزید چشم کشا حقائق سامنے آ گئے۔ جلائی جانے والی فیکٹری کے دروازے کو باہر سے تالا لگا ہوا تھا۔بلدیہ ٹاؤن کی فیکٹری میں آگ لگنے کے واقعے کی جوائنٹ انوسٹی گیشن رپورٹ میں مزید انکشاف ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق فیکٹری میں لیبر کی فراہمی کا ٹھیکہ بھی رضوان قریشی کے پاس تھا۔

(جاری ہے)

رضوان قریشی نے فیکٹری کو سو سے زائد ورکرز فراہم کئے۔ رپورٹ کے مطابق آگ لگنے کے بعد جب فائر بریگیڈ پہنچی تو فیکٹری کے دروازے کو باہر سے تالا لگا تھا۔ فائر بریگیڈ کا عملہ تالا توڑ کر اندر داخل ہوا۔ ذرائع کے مطابق فیکٹری کو باہر سے تالا لگا ہونے سے شکوک و شبہات پیدا ہوئے تاہم پولیس کے انویسٹی گیشن افسر کی نااہلی کی وجہ سے تمام کیس خراب ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے تفتیشی افسر نے اپنے طور پر ہی فیکٹری مالکان کا نام چالان سے نکال دیا جس پر اعلیٰ افسروں نے برہمی کا اظہار بھی کیا۔