کراچی، پاسبان مزار قائد پر ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے ہونے والے جرگے میں بھر پور شرکت کرے گی

ہفتہ 7 فروری 2015 23:37

کراچی ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07فروری 2015ء) پاسبان کراچی کے صدر شیخ محمد شکیل نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کے لئے پاسبان مزار قائد پر ہونے والے جرگے میں بھر پور شرکت کرے گی ۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو یہ بات اب سمجھ لینا چاہئے کہ قوم کی بیٹی کو رہا کرانے کے علاوہ دوسرا کوئی راستہ نہیں ہے کیونکہ یہ قوم کا متفقہ مطالبہ ہے جس کا اظہارایک مرتبہ پھر کل قومی جرگہ میں کیا جائے گا۔

2008میں ڈاکٹر عافیہ کی افغان جیل بگرام میں قید کی خبر منظر عام پر آنے کے بعد کئی مواقع پر پوری قوم نے متفقہ طور پر حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قوم کی بے گناہ بیٹی کو امریکی قید سے رہائی دلائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ عافیہ صدیقی کو سابقہ اور موجودہ حکمرانوں نے متعدد مرتبہ قوم کی بیٹی تسلیم کیا ہے اور وزیراعظم نواز شریف نے گذشتہ سال کے اوائل میں عافیہ کی والدہ سے عافیہ کو رہاکرانے کا وعدہ کیا تھالیکن زرداری حکومت کے بعد اب نواز حکومت بھی اپنے وعدے سے پھر گئی ہے لیکن پوری قوم آج بھی عافیہ کی بے گناہی کی بنیاد پر اپنے مطالبہ پر قائم ہے اور چاہتی ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کو جلد سے جلد وطن واپس لایا جائے ۔

(جاری ہے)

شیخ محمد شکیل نے پاسبان کراچی کے تمام اضلاع کے ذمہ داران و کارکنان کو ہدایت کی ہے کہ 8فروری کو مزارقائد پر ہونے والے جرگے میں بھر پور شرکت کرکے اس عزم کا اظہار کریں کہ پاسبان قوم کی بیٹی کی رہائی اور وطن واپسی کی ہرتحریک میں شامل ہو کر جدوجہد جاری رکھے گی ۔

متعلقہ عنوان :