سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت تمام محکمے ترقیاتی منصوبوں کی مقررہ مدت کے اندر تکمیل یقینی بنائیں‘ شہبازشریف،

ترقیاتی پروگرام کے تحت عوام کی پائیدار ترقی و خوشحالی اور مستحکم معیشت کے اہداف کے حصول پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس، سالانہ ترقیاتی پروگرام 2014-15 پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ

ہفتہ 7 فروری 2015 23:05

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07فروری 2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام برائے مالی سال 2014-15 پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت صوبے کے عوام کی پائیدار ترقی و خوشحالی اور مستحکم معیشت کے اہداف کے حصول پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت تمام محکمے ترقیاتی منصوبوں کی مقررہ مدت کے اندر تکمیل یقینی بنائیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے منصوبوں کی شفاف اور بروقت تکمیل انتہائی ضروری ہے۔ ترقیاتی سکیموں میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں۔ محکمے مقرر کردہ اہداف کے حصول کیلئے موثر اور فعال طریقے سے کام کریں اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت مقرر کردہ اہداف کے حصول کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ترقیاتی منصوبوں کے لئے اربوں روپے کے ریکارڈ فنڈمختص کئے گئے ہیں اور جنوبی پنجاب کے اضلاع کی ترقی کیلئے بھی خطیر وسائل رکھے گئے ہیں۔ جنوبی پنجاب کے اضلاع کو آبادی کے تناسب سے پہلے سے کہیں زیادہ فنڈز دیئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے سخت محنت اورپیشہ ورانہ انداز سے کام کرنا ہوگا۔

ترقیاتی فنڈز کے بروقت اور مقررہ مدت کے اندر استعمال کرنے والے متعلقہ افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ خراب کارکردگی پر بازپرس ہوگی۔ ترقیاتی فنڈ زکے اجراء اور استعمال کے حوالے سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے نظام وضع کیا گیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں میں تھرڈ پارٹی آڈٹ کی پالیسی پر سختی سے عملدر آمد یقینی بنایا جائے ۔

چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات نے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2014-15 کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن، مشیر ڈاکٹر اعجاز نبی،معاون خصوصی عزم الحق، ایم پی ایز رانا ثناء اللہ، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا،چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، متعلقہ سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :