سلیمانکی بیراج اورپاکپتن کینال کی بحالی پر 8ارب خرچ ہونگے ، 25لاکھ ایکڑ اراضی کو پانی ملے گا‘ میاں یاور زمان،

سلیمانکی بیراج کی بحالی کا منصوبہ پاکستان اورچین کے درمیان بڑھتے ہوئے معاشی تعاون کے سلسلہ کی ایک کڑی ہے، پنجاب حکومت اور چینی کمپنی کے مابین سلیمانکی بیراج اورپاکپتن کینال کی بحالی کامعاہدہ ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے

ہفتہ 7 فروری 2015 22:59

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07فروری 2015ء) صوبائی وزیر آبپاشی میاں یاور زمان نے کہا ہے کہپنجاب حکومت اور چین کی معروف کمپنی سائینو ہائیڈرو کے درمیان سلیمانکی بیراج اور پاکپتن کینال کی بحالی اور اپ گریڈیشن کے منصوبے پرتیزی سے کام جاری ہے، منصوبے کے تحت چینی کمپنی سلیمانکی بیراج ، بیراج کے پل کی تعمیرنو، پاکپتن کینال، کھادر برانچ اور پی آئی لنک کی بحالی اور اپ گریڈیشن کے منصوبے پر کام کررہی ہے،منصوبے پر 8 ارب روپے لاگت آئے گی اور 2017ء میں مکمل ہوگا۔

صوبائی وزیر آبپاشی میاں یاور زمان نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اور چین کی کمپنی کے مابین سلیمانکی بیراج اورپاکپتن کینال کی بحالی اور اپ گریڈیشن کا منصوبہ ہماری زرعی معیشت کے لئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔

(جاری ہے)

چینی کمپنی 2017ء تک مقرر مدت میں منصوبے پر کام مکمل کرے گی۔منصوبے کی تکمیل سے 25لاکھ ایکڑ اراضی کو آبپاشی کے لئے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے گی اورلاکھوں خاندانوں کو منصوبے کی تکمیل سے فائدہ پہنچے گا۔

منصوبے کو اعلی معیار اور شفافیت کے ساتھ مکمل کیا جائے گا۔اوکاڑہ،پاکپتن،وہاڑی اور بہاولنگر کے کسان بھائیوں کو سلیمانکی بیراج اور پاکپتن کینال کی بحالی سے براہ راست فائدہ پہنچے گا۔منصوبہ مکمل ہونے سے صوبے کی زرعی معیشت پھلے پھولے گی۔انہوں نے کہاکہ سلیمانکی بیراج اورپاکپتن کینال کی بحالی اور اپ گریڈیشن سے زرعی معیشت کو تقویت ملے گی اور وسیع زرعی علاقے کو وافر پانی کی فراہمی میسر آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان اورچین کے درمیان بڑھتے ہوئے معاشی تعاون کے سلسلہ کی ایک کڑی ہے اوردونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی مضبوطی کی جانب اہم پیش رفت ہے۔یہ منصوبہ پاک چین دوستی کے لئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سلیمانکی بیراج 1926ء میں تعمیر کیا گیا اور وقت گزرنے کے ساتھ اس اہم بیراج کی بحالی اوراپ گریڈیشن وقت کی اہم ضرورت ہے۔کسان بھائیوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب حکومت آئندہ بھی آبپاشی کے منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنائے گی اور اس ضمن میں اربوں روپے کی رقم صرف کی جائے گی تاکہ زرعی معیشت مزید مضبوط ہو اور کسان خوشحال ہو۔

متعلقہ عنوان :