سانحہ آرمی پبلک سکول کیخلاف شہدا ء فورم کے زیر اہتمام پشاور کے امن پارک سے آرمی پبلک سکول تک ریلی نکالی گئی،

ملزمان کی عدم گرفتاری ،تحقیقات نہ ہونے پر حکومت کیخلاف نعرے لگائے، شہید بچوں کے تصاویر اٹھا رکھے تھے ،یاد میں ترانے پیش کئے گئے

ہفتہ 7 فروری 2015 22:56

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07فروری 2015ء) سانحہ آرمی پبلک سکول کیخلاف شہدا ء فورم کے زیر اہتمام پشاور کے امن پارک سے آرمی پبلک سکول تک ریلی نکالی گئی ۔فورم شرکاء نے ملزمان کی عدم گرفتاری اور تحقیقات نہ ہونے پر حکومت کیخلاف نعرے لگائے ۔ اس موقع پر سکیورٹی سخت کر دی گئی تھی ، مظاہرین نے شہید بچوں کے تصاویر اٹھا رکھے تھے جبکہ ان کی یاد میں ترانے پیش کئے گئے اور بعد ازاں سکول کے قریب دعائیہ تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا۔

ریلی نے سانحہ پشاور کی یاد پر تازہ کردی،ریلی میں شہید ہونیوالے بچوں کے والدین،، طلباء اور سو ل سوسائٹی کے نمائندوں سمیت شہریوں نے شرکت کی۔ ہفتہ کے روز سانحہ آرمی پبلک سکول کی تحقیقات اور ذمہ داروں کی عدم نشاندہی کیخلاف شہدا فورم نے امن چوک سے آرمی پبلک سکول تک احتجاجی ریلی نکالتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس سانحہ کی انکوائری کرکے ملوث افراد کو عوام کے سامنے پیش کیا جائے۔

(جاری ہے)

لواحقین صبح گیارہ بجے امن چوک میں جمع ہوگئے ، شرکا ء نے شہیدا ہونیولے طلبہ کے تصاویر اور پوسٹرز اٹھارکھے تھے ۔شہید بچوں کے والدین کا کہنا تھاکہ آخر ان معصوم بچوں کا کیا قصور تھا جنہیں چن چن کر دہشتگردوں نے شہید کردیا۔انہوں نے کہا کہ اگر صوبائی اور وفاقی حکومت اس سانحے میں ملوث ملزمان کو گرفتار نہیں کرسکتے تو وہ مستعفی ہو جائے کیونکہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پندرہ دن میں اس سانحے کی تحقیقات کرانے کا اعلان کیا تھا جس پر ابھی تک عملدرآمد نہیں کیاجبکہ وفاقی حکومت بھی اس سلسلے میں صرف وعدے کر رہی ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ انہیں 20 لاکھ کا رقم نہیں بلکہ اس سانحے کی آزادانہ تحقیقات چاہیے کہ قاتل معلوم ہو سکے،یہ ایک بڑا سانحہ ہے جس میں ان کے بچوں کو بیدردی سے شہید کیا گیا لیکن حکومت کو ابھی احساس نہیں ہوا کہ اس کی تحقیقات کر سکے ۔ انہوں نے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ تمام شہید بچوں کو نشان حیدر اور دیگر اعزازات کا اعلان کیا جائے ۔بعد ازاں ریلی میں ڈپٹی کمشنر پشاور ریاض محسود  ایس ایس پی آپریشن ڈاکٹرمیاں سعید  اے سی پشاور ممتا احمد  ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنروں نے بھی ریلی میں شرکت کی۔

ڈی سی نے لواحقین سے کہاکہ 19 بچوں کو علاج کیلئے ملک کی بہترین ہسپتالوں میں علاج کیا جائیگا اور صوبائی حکومت کی جانب سے شہید بچوں کے والدین کو گلدستہ بھی پیش کیا ۔ڈی سی نے کہاکہ بچوں کے علاج کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے قائم کئے گئے میڈیکل بورڈ نے 19 بچوں نے نام دئیے ہیں جن کا علاج ملک کے بہترین ہسپتالوں میں کیا جائیگا اور جن بچوں کا علاج یہاں ممکن نہ ہو تو انکو بیرون ملک علاج کیلئے بھیجا جائیگااور والدین کے تمام مطالبات تسلیم کئے جائینگے ۔