Live Updates

تحریک انصاف کاسانحہ بلدیہ ٹاؤن پرمشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ پرایم کیو ایم کیخلاف کارروائی کامطالبہ،

رپورٹ کے بعد ثابت ہوچکا ایم کیو ایم نے کراچی میں دہشت و بربریت کو فروغ بخشا ہے ، حکومت جلاوطن رہنما کی وطن واپسی کیلئے اقدامات اٹھائے اور غریب مزدوروں کے قتل کا مقدمہ چلایا جائے،شیریں مزاری کابیان

ہفتہ 7 فروری 2015 22:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07فروری 2015ء) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری نے سانحہ بلدیہ ٹاؤن پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ میں بیان کردہ حقائق کو انتہائی ہولناک قرار دیتے ہوئے ریاست سے ایم کیو ایم کے خلاف فوری اور بھرپور کارروائی کامطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بلدیہ ٹاؤن فیکٹری میں 258افراد کا سفاکانہ قتل ایم کیو ایم کی جانب سے بھتہ خوری کیلئے کی جانے والی وارداتوں میں سب سے ہولناک ہے چنانچہ حکومت اس جماعت کے جلاوطن رہنما کی وطن واپسی کیلئے اقدامات اٹھائے اور اس پر غریب مزدوروں کے قتل کا مقدمہ چلایا جائے۔

مرکزی میڈیا سیل کی جانب سے جاری بیان میں تحریک انصاف کی رہنما کا کہنا ہے کہ سانحہ بلدیہ ٹاؤن پر مشترکہ تحقیقاتی رپورٹ میں درج حقائق اگرچہ حیران کن نہیں تاہم انتہائی لرزہ خیز اور صدمہ انگیز ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ اور رینجرز کے ڈپٹی اسٹنٹ جج ایڈووکیٹ جنرل میجر اشفاق احمد کے سندھ ہائیکورٹ میں جمع شدہ بیان بلدیہ ٹاؤن فیکٹری میں لگنے والی تباہ کن آگ کا الزام متحدہ قومی موومنٹ پر عائد کرتے ہیں جن میں بتایا گیا ہے کہ تمام معلومات 22 جون 2013کو مشترکہ تحقیقات کے دوران متحدہ قومی موومنٹ کے مبینہ کارکن محمد رضوان قریشی کی جانب سے فراہم کی گئیں۔

مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن نے انکشاف کیا کہ اس کی جماعت کے مشہور مرکزی رہنما نے بلدیہ ٹاؤن فیکٹری کے بدقسمت مالک علی انٹرپرائززسے اگست 2012میں اپنے فرنٹ مین کے ذریعے 20کروڑ کا بھتہ طلب کیا۔ان کا کہنا ہے کہ مشترکہ تحقیقات ٹیم کی رپورٹ میں متحدہ قومی موومنٹ کی سرگرمیوں کے حوالے سے سامنے آنے والے حقائق اگرچہ نئے نہیں تاہم شہر سندھ میں اس جماعت کی جانب سے کی جانے والی بھتہ خوری کا یہ بدترین واقعہ ہے۔

ان کے مطابق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ کے بعد ثابت ہوچکا ہے متحدہ قومی موومنٹ سیاسی قوت سے زیادہ ایک ایسے مافیا میں تبدیل ہوچکی ہے جس نے کراچی میں دہشت و بربریت کو فروغ بخشا ہے اور جس کے نتیجے میں کراچی میں بلدیہ ٹاؤن میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا اور شہر میں روزہ مرہ کی بنیاد پر ٹارگٹ کلنگ میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاست فوری طور پر اس مافیا کے خلاف کارروائی عمل میں لائے اور اس کے سیاسی چہرے سے نقاب ہٹائے جو متحدہ قومی موومنٹ کی زہر ناک سرگرمیوں پر پردہ پوشی کیے ہوئے ہے۔

تحریک انصاف کی رہنما نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کے جلا وطنی رہنما کی فوری وطن واپسی اور اس کے خلاف غریب فیکٹری مزدوروں کے قتل کا مقدمہ چلایا جائے جو اس جماعت کی بھتہ خوری مہم کی بھینٹ چڑھے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ ریاست متحدہ قومی موومنٹ اور اس نوعیت کے دوسرے مافیاز کی بھتہ خوری کے شکار شہریوں کی حوصلہ افزائی کرے تاکہ ایسی سرگرمیوں کا قلع قمع کیا جا سکے جنہوں نے پاکستان کے کراچی جیسے صنعتی و تجارتی مرکز کا ڈھانچہ بری طرح متاثر کیا ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات