گوادر کاشغر روٹ کی تبدیلی بلوچستان کے عوام کے ساتھ ناانصافی ہے،ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ،

محمد رضاچنگیزی سابق سپرنٹنڈنٹ جیل خانہ کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا،ایم پی اے آغا رضا

ہفتہ 7 فروری 2015 22:28

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07فروری 2015ء) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ گوادر کاشغر روٹ کی تبدیلی بلوچستان کے عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔گوادر کاشغر روٹ کو پرانے روٹ پر بحال کیا جائے جس کا وعدہ وفاقی حکومت نے کیاتھا۔ وفاق کا بلوچستان کے ساتھ رویہ ہمیشہ سوتیلی ماں کا رہا ہے۔ پاکستان میں وسائل کا منصفانہ تقسیم سب سے بڑا مسئلہ ہے۔

اس اہم منصوبے سے چھوٹے صوبوں اور بلوچستان کے عوام کو معاشی طور پر بہت فائدہ پہنچ رہا تھااور دوست ملک نے گوادر، ژوب ،ڈیرہ اسماعیل خان روٹ کو قابل عمل قرار دیا تھا لیکن وفاقی حکومت بد نیتی کی بنیاد پر اس منصوبے کو پنجاب سے گزارنا چاہتے ہیں۔ جو ایک ناروا عمل ہے۔ وسائل پر عدم اختیار اور دولت کی غیر منصفانہ تقسیم نے نہ ختم ہونے والے مسائل کو جنم دیا ۔

(جاری ہے)

ملک کے آبادی کا بڑا حصہ آج بھی غربت کی لیکر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے ۔ رزق کے لیے عرصہ حیات تنگ ہونا ، معاشرے کی سدھار میں سب سے بڑی رکاوٹ اور قومی المیہ ہے۔ بلوچستان ڈویلپمنٹ فورم میں وزیر اعظم کا اس منصوبے کو بلوچستان سے پنجاب تبدیل کرنے کا اعلان بلوچستان کے عوام کے حقوق پر ایک ڈاکے کے سوا کچھ نہیں ہے اور اس پسماندہ صوبے کے عوام کو مزید پسماندہ رکھنے کی ایک سوچی سمجھی سازش ہے۔

صوبے کے تمام سیاسی ، مذہبی اور تجارتی نمائندے اس اہم منصوبے کی تبدیلی کے خلاف آواز بلند کریں۔علاوہ ازیں ممبر صوبائی اسمبلی و پارلیمانی لیڈر ایم ڈبلیو ایم آغا رضا کی قیادت میں ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ ڈویژن کے عہدیداران نے محمد رضا چنگیزی (مرحوم) کے صاحبزادوں سلیم رضا ، ڈاکڑ سمیع رضا سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کی مغفرت کے لیے دعا کی۔