پشاور،مختلف علاقوں میں سیکورٹی فورسز اورپولیس کامشترکہ آپریشن،82مشکوک افراد گرفتار،

پشاور پولیس نے بڈھ بیر آفریدی روڈ سے مطلوب دہشت گرد کو فائرنگ کے تبادلہ کے بعد گرفتار کرلیا

ہفتہ 7 فروری 2015 22:25

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07فروری 2015ء) سکیورٹی فورسز اور پولیس نے مشترکہ آپریشن کے دوران 82مشکوک افغان مہاجرین جبکہ پشاور پولیس نے بڈھ بیر آفریدی روڈ سے مطلوب دہشت گرد کو فائرنگ کے تبادلہ کے بعد گرفتار کرلیا ہے ،گرفتار ہونے والے دہشت گرد کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا جاتا ہے جس کے قبضہ سے ایک دستی بم اور کلاشنکوف بھی برآمد ہوا جبکہ خراسان کیمپ میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کے خلاف سکیورٹی فورسز اور پولیس نے مشترکہ آپریشن کے دوران 82مشکوک افغان مہاجرین کو گرفتار کرلیا جن کے خلاف مقدمار درج کرلئے گئے ہیں سیکورٹی ذرائع کے مطابق صوبائی دارلحکومت پشاور میں دہشت گردی کی خطرات کے پیش نظر سکیورٹی ہائی الرٹ ہے علاقہ غیر سے متصل علاقوں اور علاقہ غیر سے آنے والے راستوں پر پولیس اور ایف سی کی مشترکہ ناکہ بندیاں اور چوکیاں قائم کی گئی ہے جن پر سخت تلاشی کے بعد گاڑیوں اور پیدل افراد کو شہر میں داخل ہونے دیا جاتا ہے اس دوران تھانہ بڈھ بیر پولیس کو اطلاع ملی کہ علاقہ غیر سے ایک مشکوک شخص بڈھ بیر میں داخل ہو گیا ہے جو اس وقت آفریدی روڈ پر موجود ہے اس اطلاع پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلہ کے بعد مشکوک شخص کو گرفتار کرلیا جس کے قبضہ سے ایک دستی بم اور کلاشکوف برآمد ہوا پولیس کے مطابق مشکوک شخص کا نام اطلس خان ولد فرید خان ہے جس کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے اور زنگلی چیک پوسٹ پر بم دھماکہ کرنے میں بھی ملوث تھا جس کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے دریں اثناء تھانہ خزانہ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے خراسان کیمپ، واحد گڑھی اور بخشو پل میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کے خلاف مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران 82مشکوک افغان مہاجرین کو گرفتار کرلیا جن کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے جنہیں تفتیش کے بعدافغانستان ڈیپورٹ کردیا جائے گا۔