مزراعین کے مسائل کے حل میں مثبت پیشرفت، جامع ایکشن پلان تیاری کے آخری مراحل میں ہے‘ ملک ندیم کامران ،

ایکشن پلان تیاری کے آخری مراحل میں لینڈ ریکارڈ کا ڈیٹا نہ بھجوانے پر صوبائی وزیر زکوة عشر کا کا اظہار ناراضگی

جمعہ 6 فروری 2015 23:33

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06فروی 2015ء )صوبائی وزیر زکوة وعشر ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ صوبہ کے مزارعین کے مسائل کے حل میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے اور اس سلسلہ میں جامع ایکشن پلان تیاری کے آخری مراحل میں ہے۔انہوں نے یہ بات یہاں بورڈ آف ریونیو کے کمیٹی روم میں مزارعین کے مسائل کے حل کے لئے بلائے گئے ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ندیم اشرف،سیکرٹری لائیو سٹاک اینڈ ڈیر ڈویلپمنٹ نسیم صادق،کمشنر ساہیوال سہیل شہزاد،ریجنل پولیس آفیسر ساہیوال فیصل شاہکار،ممبر کالونیز مظفر محمود،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاہ محمد فیصل رانا اور محکمہ زراعت کے ڈپٹی سیکرٹری نعیم خالدکے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔ملک ندیم کامران نے ایسے علاقوں کے تمام ڈی سی اوز جہاں مزراعین کو زیادہ مسائل کا سامنا ہے کو ہدایت کی کہ وہ 3 یوم کے اندر اپنے اضلاع کے مزراعین کے ساتھ میٹنگز کریں اور ان کے مسائل کے حل کے سلسلہ میں ان کی پیش کردہ تجاویز کی روشنی میں رپورٹ دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے صوبہ کے کمشنرز صاحبان کی طرف سے لینڈ ریکارڈ کا ڈیٹا نہ بھجوانے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایک یوم کے اندر ڈیٹا رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے اس ضمن میں سیکرٹری کالونیز اور ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ پر مشتمل کمیٹی قائم کردی ہے جو کمشنر صاحبان سے رپورٹ کا حصول یقینی بنائے گا۔ملک ندیم کامران نے زرعی ریسرچ ،لائیو سٹاک اور سیڈ کارپوریشن اور دیگر فارمز اور مزراعین کے پیش کردہ ریکارڈ کو ریونیو ڈیپارٹمنٹ میں موجود ریکارڈ کے ساتھ موازنہ کرکے رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔