ترقیاتی منصوبوں کی مخالفت کرنے والے علاقے کی ترقی کے دشمن ہیں ، ڈاکٹر امجد

جمعہ 6 فروری 2015 23:16

پشاور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06فروی 2015ء)صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد نے کہا ہے کہ ترقی اور خوشحالی کے منصوبوں کی مخالفت کرنے والے علاقے کی ترقی کے دشمن ہیں ، بریکوٹ ہاؤسنگ سکیم ہر حال میں مکمل کیا جائے گا ، سیاسی مخالفین ، غیر سیاسی عناصر اور لینڈ مافیا پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ ہاؤسنگ منصوبے کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کرینگے ، اور اس کو ایشو نہ بنایا جائے ، جو لوگ اپنی مرضی سے اراضی دینا چاہتے ہیں ان کی اراضی اُن سے معاوضے کی ادائیگی پر حاصل کی جائے گی ، سکیم کے آغاز سے سوات میں بیروزگاری کے خاتمے میں مدد ملے گی جبکہ غریبوں کیلئے آسان شرائط پر رہائشی مکانات بھی دئیے جائیں گے ، مارچ کے مہینے میں دنگرام میں بھی ہاؤسنگ پر کام کا آغاز کیا جائے گا جس میں صحافیوں کیلئے بھی کالونی کو مختص کیا جائے گا ، کسی سے زبردستی اراضی نہیں لی جائے گی ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ بریکوٹ ہاؤسنگ سکیم کی مخالفت کرنے والے اصل میں علاقے کی ترقی و خوشحالی نہیں چاہتے ، ہم مخالفت کرنے والوں پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ ترقی اور خوشحالی کا یہ سفر جاری رہے گا اور اس میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کرینگے جہاں تک بریکوٹ ہاؤسنگ سکیم کا سوال ہے تو یہ منصوبہ ہر صورت مکمل کیا جائے گا سوات کے غریب عوام اور ترقی کیلئے یہ منصوبہ سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ، اور سوات کی تاریخ میں پہلی بار ایک بڑے عوامی منصوبے کی نہ صرف منظوری ہوئی بلکہ اس پر عمل درآمد بھی ہو چکا ہے بعض غیر سیاسی ، سیاسی مخالفین اور لینڈ مافیا اس عوامی سکیم کی مخالفت کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ مخالفت کرنے والے اصل میں علاقے کی ترقی نہیں چاہتے وہ عوام کی ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں اور ایک نان ایشو سے ایشو بنا کر اپنی سیاست چمکانے کی کوشش کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ لینڈ مافیا کمیشن کے چکر میں سوات کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں مارچ کے مہینے میں دنگرام ہاؤسنگ سکیم میں حائل رکاوٹوں کو دور کرکے اُن پر کام کا آغاز کیا جائے گا جس میں میڈیا کالونی بھی شامل ہو گی اور حکومت کی پالیسی ہے کہ صوبے میں دہشت گردی اور بیروزگاری پر قابو پانے کیلئے اس قسم کے منصوبوں کا آغاز کیا جائے ہم بیروزگاری کے خاتمے کیلئے اقدامات اُٹھا رہے ہیں اور اس طرح منصوبوں کو مکمل کرینگے انہوں نے کہا کہ سوات میں پہلی بار کسی بڑے منصوبے کی منظوری اور اس پر عمل درآمد کا خیر مقدم کرنا چاہئے اور یہ کریڈٹ تحریک انصاف کی حکومت کو جاتا ہے انہوں نے کہا کہ کسی کی کوئی پرواہ نہیں سوات کی ترقی اور خوشحالی کیلئے عملی اقدامات اُٹھانا ہمارا ہدف ہے ۔