پنجاب حکومت تعلیمی و تحقیقی اداروں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے مسلسل مانیٹرنگ کے عمل کوموثر بنا رہی ہے،ڈاکٹر فرخ جاوید،

وزیراعلیٰ پنجاب خود تمام شعبوں کے بارے میں معلومات حاصل کرتے رہتے ہیں، دیہی علاقوں سے شہروں کی طرف تیزی سے ہونیوالے انتقال آبادی کے عمل کو ترقیاتی منصوبوں اور دیہی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا کرکے روکا جا سکتا ہے جس کیلئے پنجاب حکومت موجودہ مالی سال کے دوران 15ارب روپے کی خطیر لاگت سے کھیت سے منڈیوں تک سڑکیں تعمیر کر رہی ہے ، آئندہ سال ان ترقیاتی کاموں پر 50ار ب روپے خر چ کئے جائینگے، زرعی یونیورسٹی فیصل آبادکے وائس چانسلر سے ملاقات

جمعہ 6 فروری 2015 22:48

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06فروری 2015ء) صوبائی وزیرزراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت تعلیمی و تحقیقی اداروں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے مسلسل مانیٹرنگ کے عمل کوموثر بنا رہی ہے اس سلسلہ میں وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف خود تمام شعبوں کے بارے میں معلومات حاصل کرتے رہتے ہیں، دیہی علاقوں سے شہروں کی طرف تیزی سے ہونیوالے انتقال آبادی کے عمل کو ترقیاتی منصوبوں اور دیہی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا کرکے روکا جا سکتا ہے جس کیلئے پنجاب حکومت موجودہ مالی سال کے دوران 15ارب روپے کی خطیر لاگت سے کھیت سے منڈیوں تک سڑکیں تعمیر کر رہی ہے جبکہ آئندہ سال ان ترقیاتی کاموں پر 50ار ب روپے خر چ کئے جائینگے۔

ان باتوں کا اظہار صوبائی وزیرزراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے زرعی یونیورسٹی فیصل آبادکے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں سے ان کے چیمبر میں ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات کا بڑا حصہ کپاس کے ذریعے پایہ تکمیل تک پہنچایا جا رہاہے لہٰذا ہمیں جدید پیداواریت کے اصولوں کو اپناتے ہوئے کپاس کی فی ایکڑ پیداوار کو چین کے برابر لانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ روابط کو بڑھاتے ہوئے چینی فیوژن ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ بائیوٹیکنالوجی کے امتزاج سے ایسی نئی اقسام سامنے لانے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ ملک کو برآمداتی شعبہ میں خطیر زرمبادلہ کے حصول کا اہتمام کیا جا سکے۔ ۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں نے اس موقع پر صوبائی وزیرکوبریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بی ٹی کپاس کے ذریعے رس چوسنے والے کیڑوں کے نقصانات کا تدارک کیا جا چکا ہے جبکہ پاکستان میں کپاس کیلئے سب سے بڑا خطرہ کپاس کا پتہ مروڑ وائرس ہے جو ہماری پیداوار کو برے طریقے سے متاثر کر رہا ہے۔

انہوں نے تجویز پیش کی کہ بریڈنگ کے شعبہ میں مربوط کاوشوں کے ذریعے اس مسائل پر قابو پانے کیلئے قومی سطح پر حکمت عملی مرتب کی جانی چاہئے۔ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے یونیورسٹی میں سیکورٹی کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ نے اپنے وسائل سے پانچ کروڑ روپے بیرونی دیواریں اونچی کرنے ‘ خار دار تار لگانے‘ سیکورٹی کیمرے نصب کرنے اور دیگر اُمور پر صرف کئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ میں داخلے کیلئے سخت سیکورٹی حصار قائم کیا گیا ہے جس سے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ یونیورسٹی میں قائم ینگ والا کی کچی آبادی کے 176گھروں کواگر مناسب مراعات دیکرشہر کے کسی دوسرے علاقے میں منتقل کر دیا جائے تو یونیورسٹی مکمل طور پر ہر طرح کے سیکورٹی خطرات سے محفوظ ہوسکتی ہے۔ صوبائی وزیرڈاکٹر فرخ جاوید نے یونیورسٹی میں قائم کئے گئے کنٹرول روم اور مختلف مقامات پر سکیورٹی کا جائزہ لیااور اسے تسلی بخش قرار دیا

متعلقہ عنوان :