فیصل آباد،مارکیٹ میں جان بچانے والی ادویات کی بلیک مارکیٹنگ اوروفاقی حکومت کی طرف سے ادویات ساز کمپنیوں کو قیمتوں میں پچاس فیصد تک اضافہ کی اجازت دینے پر الخدمت فاؤنڈیشن کا تشویش کا اظہار

جمعہ 6 فروری 2015 22:28

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06فروری 2015ء) مارکیٹ میں جان بچانے والی ادویات کی بلیک مارکیٹنگ اوروفاقی حکومت کی طرف سے ادویات ساز کمپنیوں کو قیمتوں میں پچاس فیصد تک اضافہ کی اجازت دینے پر الخدمت فاؤنڈیشن کے ضلعی صدر رائے اکرم کھرل نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت نے ملٹی نیشنل کمپنیوں کو ظالمانہ اضافوں کی کھلی چھٹی دے دی ہے ۔

غریبوں کو 2وقت کی بجائے ایک وقت کی روٹی بھی میسر نہیں اور اب انہیں علاج، معالجے کی سہولتوں میں شدید دشواریوں اور اذیت کا سامنا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت مذکورہ صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے دوائیوں کی قیمتوں میں کیے گئے اضافے کو فوری واپس لینے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے۔انہوں نے کہا کہ کمپنیوں نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت جان بچانے والی ادویات کی عملاً قلت پیدا کر کے قیمتوں میں اضافہ کا جواز پیدا کر لیا ہے جبکہ بدترین کرپشن کی وجہ سے حکومت کا ادویات کی کوالٹی چیک کرنے کا بھی کوئی موثر نظام موجود نہیں ہے۔

(جاری ہے)

جعلی ادویات سر عام فروخت کر کے غریبوں کی زندگیوں سے کھیلا جارہا ہے، ڈینگی کے شدید خطرات کے باوجود مارکیٹوں میں جعلی مچھر مار ادویات و اشیا کی بھر مار ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات، بجلی، گیس اور اشیا خورونوش کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ادویات کی قیمتوں میں اس قدر اضافہ غریب مریضوں کیلئے مشکلات کا سبب بن گیا ہے۔ حکومت روز مرہ استعمال اور جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں کیا گیا من مانا اضافہ واپس لینے کے اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ ادویہ ساز کمپنیوں کو پابند کیا جائے کہ وہ حکومتی پالیسی کے بغیر قیمتوں میں اضافہ نہ کریں۔

متعلقہ عنوان :