وزیراعلیٰ سندھ کی طرف سے صوبائی سیکریٹری زراعت کو گنے کے آبادگاروں اورشگر مل مالکان کے ساتھ علیحدہ علیحدہ اجلاس،

گنے کی قیمتوں کے مسئلے کا حل تلاش کرنے کی ہدایت

جمعہ 6 فروری 2015 22:26

کراچی( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06فروری 2015ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے صوبائی سیکریٹری زراعت کو گنے کے آبادگاروں اورشگر مل مالکان کے ساتھ علیحدہ علیحدہ اجلاس منعقد کرکے گنے کی قیمتوں کے مسئلے کا حل تلاش کرنے کی ہدایت دی ہے۔انہوں نے کہا کہ گنے کی قیمتوں کے تکرار کے سبب دونوں فریقین کو مالی نقصان ہو رہا ہے۔جس کو ہم صوبے سندھ کا نقصان سمجھتے ہیں جس کا ہم متحمل نہیں ہو سکتے۔

یہ احکامات انہوں نے صوبائی وزیر زراعت علی نواز مہر،وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری علم الدین بلو،صوبائی سیکریٹری زراعت گلزار شیخ،ایڈیشنل سیکریٹری زراعت آغا قادرو دیگر افسران سے وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد اجلاس کے دوران دیئے۔اجلاس میں گنے کے مسئلے اور اس تکراری اشو کو حل کرنے کیلئے حوالے سے تفصیلی غور و خوص کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں صوبائی وزیر نے بریفنگ میں بتایا کہ چناچہ یہ مسئلہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے۔

اس لئے وہ اس کے حتمی فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں اور اس معاملے میں مداخلت سے گریز کر رہے ہیں۔تاہم انہوں نے کہا کہ انکی انتظامیہ نے حکومت سندھ کی جانب سے گنے کے مقرر ہ ریٹ پر عملدرآمد نہ کرنے پر مل مالکان کو نوٹیسز جاری کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی سیکریٹری ایگریکلچر اور وہ بذات خود دونوں پارٹیوں سے اجلاس منعقد کرکے انہیں کورٹ کے باہر اس مسئلے کا حل تلاش کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے صوبائی سیکریٹری زراعت کوپیر 9فروری کو دونوں فریقیں کا اجلاس طلب کرنے اور مزید تاخیر کئے بغیر مسئلے کا حل تلاش کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ مسئلے کے حل میں مزید تاخیر سے دونوں فریقیں کونقصان پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ زراعت اور زرعی صنعت ایک دوسرے کیلئے لازم ملزوم ہے اور کسی ایک کا نقصان دوسرے کے نقصان کا سبب بنے گا، جس سے انہیں ہر طرح سے بچنا چاہے۔انہوں نے کہا کہ اگر یہ مسئلہ عدالت میں چئلینج نہ کیا گیاہوتاتواس وقت حکومت سندھ اس مسئلے کو انتظامی طور پر حل کرچکی ہوتی،تاہم انہوں نے کہا کہ ہم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ اس مسئلے کا کورٹ کے باہر بھی حل تلاش کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :