حکمران جماعتیں عوامی مسائل سے آنکھیں چرا کر اہلیان کراچی کو مزید پستی کی جانب دھکیلنے میں مصروف عمل ہیں ، ڈاکٹر عارف علوی،

عوامی مسائل کو حل نہ کرنا حکومتی نمائندوں اور اداروں کی کارکردگی کا سوالیہ نشان ہیں ، شہر کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے ، کراچی پاکستان کو تقریباً70فیصد ریونیو فراہم کرتا ہے لیکن حکمرانوں نے اپنی نااہلی اور بے حسی کی بدولت غلط پالیسیاں کی وجہ سے اہلیان کراچی کو دہشت گردی ، ٹارگٹ کلنگ، بد امنی ، بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ ، اسٹریٹ کرائم ، اغواء برائے تاوان اور بھتہ خوری جیسے گھمبیر مسائل کے دلدل میں دھکیل دیا ہے جو حکمرانوں کی نااہلی ، بے حسی اور ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے،علاقہ معززین اور صحافیوں سے بات چیت

جمعہ 6 فروری 2015 22:22

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06فروری 2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکمران جماعتیں عوامی مسائل سے آنکھیں چرا کر اہلیان کراچی کو مزید پستی کی جانب دھکیلنے میں مصروف عمل ہیں ، عوامی مسائل کو حل نہ کرنا حکومتی نمائندوں اور اداروں کی کارکردگی کا سوالیہ نشان ہیں ، شہر کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے ، کراچی پاکستان کو تقریباً70فیصد ریونیو فراہم کرتا ہے لیکن حکمرانوں نے اپنی نااہلی اور بے حسی کی بدولت غلط پالیسیاں کی وجہ سے اہلیان کراچی کو دہشت گردی ، ٹارگٹ کلنگ، بد امنی ، بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ ، اسٹریٹ کرائم ، اغواء برائے تاوان اور بھتہ خوری جیسے گھمبیر مسائل کے دلدل میں دھکیل دیا ہے جو حکمرانوں کی نااہلی ، بے حسی اور ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

(جاری ہے)

یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز اپنے حلقہ انتخاب کے علاقہ ریلوے کالونی میں اپنی مدد آپ کے تحت علاقے کی صفائی ستھرائی کے مہم کے افتتاح کے موقع پر علاقہ معززین اور صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ رکن سندھ اسمبلی ثمر علی خان ، افتخار فاروقی ، فواداور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کمی لانے کے بجائے شہر کراچی سے 650میگاواٹ بجلی کی سپلائی کو روکنا عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے ، وفاقی وزارت پانی و بجلی ، نیپرا اور کے الیکٹرک کی نااہلی کا بوجھ اہلیان کراچی پر ڈالا جارہا ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے ۔

ان اداروں کی نااہلی کی سزا صارفین برادشت کررہے ہیں جو شہر کراچی میں کے الیکٹرک کے صارفین کے ساتھ سراسر ظلم و زیادتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی کی عوام کے مسائل کے حل کے لیے تحریک انصاف ہر پلیٹ فارم پر بھر پور آواز بلند کرے گی اور عوام کو ان کے حقوق دلانے کی جدوجہد جاری و ساری رکھے گی ۔ ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک ساری ذمہ داریاں دیگر اداروں پر ڈالنے کے بجائے اپنی ذمہ داریوں کو بھی پوری طرح ادا کرے ، موسم سرما میں بھی کراچی شہر کا نصف حصہ 6سے8گھنٹے کی روزانہ بدترین لوڈ شیڈنگ کا شکار ہے جو اہلیان کراچی کو اشتعال دلانے کے مترادف ہے۔

اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی ثمر علی خان نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنا عظیم خدمت ہے اسی لیے تحریک انصا ف عوامی خدمت کو اپنا نصب العین سمجھتی ہے اور اسی لیے آج ہم نے اپنے حلقہ انتخاب میں اپنی مدد آپ کے تحت صفائی ستھرائی مہم کا آغاز کیا ہے ۔ اس وقت شہر کراچی میں بلدیاتی نمائندوں کے نہ ہونے کی وجہ سے مسائلستان بنا ہوا ہے ، سیوریج کا نظام تباہ و برباد ہونے کی وجہ سے گلیاں اور سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل ہو چکی ہیں ، اسٹریٹ لائٹس نہ ہونے کی وجہ سے اسٹریٹ کرائم میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے جبکہ شہر کراچی کھنڈرات میں تبدیلی ہوتا جارہا ہے ۔

ثمر علی خان نے مزید کہا کہ خدمت خلق کے جذبوں کو پروان چڑھانے کے لیے ہمیں انفرادی اور اجتماعی طور پر عملی جدوجہد کی اشد ضرورت ہے ، ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ رضاکارانہ طور پر سماجی خدمت کے تصور کو اجاگر کیا جائے تاکہ معاشرے میں بلا رنگ و نسل و منسلک بھائی چارگی ، ایثار ، محبت اور ہمدردی کے جذبے مستحکم ہوسکیں ۔