لاہور،شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ، تمام مساجداور عبادت گاہوں کے باہر اضافی نفری تعینات

جمعہ 6 فروری 2015 22:19

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06فروری 2015ء) صوبائی دارالحکومت میں جمعة المبارک کے موقع پر سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر تے ہوئے شہر کی تمام معروف مساجد، مزارات، امام بارگاہوں اور عبادت گاہوں کے باہر اضافی نفری تعینات کی گئی، برلب سڑک مساجد کو ایک جانب سے قناعتیں لگا کر بند کردیا گیا اور ٹریفک کو یکطرفہ کرتے ہوئے نمازیوں کی گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے کئی گز فاصلہ پر جگہ فراہم کی گئی، خصوصاً دربار داتا صاحب، بی بی پاکدامن اور کربلا گامے شاہ کے باہر پولیس نے بیریئر لگا کر واک تھرو گیٹ کے علاوہ میٹل ڈیٹکٹر سے چیکنگ کرنے کے بعد اندر داخل ہونے کی اجازت دی خواتین کے بیگز بھی چیک کئے گئے، سکیورٹی کے حوالے سے سی سی پی او لاہور آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام ڈویژنوں کے ایس پیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ڈویژن کی سکیورٹی کی خود نگرانی کریں، انہوں نے کہا کہ میں خود بھی شہر کی سکیورٹی کی نگرانی کرتا ہوں، شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کے علاوہ میٹل ڈیٹکٹر سے چیکنگ کے بعد گاڑیوں کو شہر میں داخل ہونے کی اجازت دی جاتی ہے، تمام مساجد اور خطیبوں کے علاوہ مساجد کی کمیٹیوں کے عہدیداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نماز کے اوقات میں مساجد کے صرف ایک دروازہ کو کھلا رکھیں اور مساجد کے باہر اپنے رضاکار گارڈ تعینات کریں جو آنے والے ہر اجنبی کی نقل وحرکت پر کڑی نظر رکھیں، شہر کے تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ علاقے کے معززین اور مساجد کے اماموں اور خطیبوں سے میٹنگ کر کے اس امر کو یقینی بنائیں کے مساجد کے لاؤڈ سپیکر کا استعمال نہ کیا جائے، انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کے معاملہ میں کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :