سانحہ شکار پورکا 8واں روز، شیعہ تنظیموں کا احتجاج،قاتلوں کو کیفردارتک پہنچانے کا مطالبہ

جمعہ 6 فروری 2015 22:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06فروری 2015ء) سانحہ شکار پورکا 8واں روز، شیعہ تنظیموں کا احتجاج،قاتلوں کو کیفردارتک پہنچانے کا مطالبہ، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاہے کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب و مسلک نہیں یہ انسانیت کے بدترین دشمن و درندے ہیں، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ آپریشن ضرب عضب کو پورے ملک میں پھیلایا جائے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے سے امن کا خواب شرمندئہ تعبیر ہوگا۔

جمعہ کے روز سانحہ شکا رپور کے ایک ہفتہ بعد بھی شیعہ تنظیموں کا احتجاج جاری ہے۔ اسلام آباد میں نماز جمعہ کے بعد مرکزی امام بارگاہ جی سکس 2 سے اثناء عشری ٹرسٹ کی اپیل پر احتجاجی ریلی نکالی گئی جوپولی کلینک چوک تک گئی۔احتجاجی مارچ میں شیعہ علماء کونسل پاکستان، اثناء عشری ٹرسٹ سمیت دیگر شیعہ تنظیموں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

مظاہرے کی قیادت مرکزی امام بارگاہ جی سکس ٹو کے شیعہ علماء کونسل کے رہنماؤں مولانا فرحت عباس جوادی، مولانا وزیر کاظمی،مولانا محمد حسین مبلغی ،پیش نماز امام بارگاہ جی سکس ٹو مولانا اختر عباس، اثنا عشری ٹرسٹ کے رہنما تطہیر عالم رضوی سمیت دیگر رہنماؤں نے کی۔

اس موقع پر مظاہرین نے شہداء کے حق اور دہشت گردوں کیخلاف بینرز اٹھارکھے تھے جبکہ لبیک یا حسین کے نعرے لگاتے رہے۔ اس موقع پر مقررین نے سانحہ شکار کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیاکہ قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جا ئے ۔ دوسری جانب اپنے پیغام میں قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاہے کہ امت مسلمہ کی فلاح اتحادمیں مضمر ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقوام متحدہ اپنا کردار ادا کرے، مسلم حکمرانوں کو بھی خواب غفلت سے بیدار ہونا ہوگا،مذہبی ہم آہنگی کیلئے ملی یکجہتی کونسل کی صورت میں اہم کردار ادا کررہے ہیں، سانحہ پشاور کے بعد شکارپور میں کربلا بپا کردی گئی، ذمہ داران سانحہ شکا رپور کو ٹیسٹ کیس کے طور پر لیں ۔

انہوں نے ملکی موجودہ صورتحال بارے کہاکہ پاکستان اس وقت ایک جانب توانائی بحران، مہنگائی و بے روزگاری کا شکار ہے تو دوسری جانب دہشت گردی نے ملکی معاشی صورتحال کو تباہی کے دہانے پر پہنچادیاہے۔ انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیاہے کہ صحیح معنوں میں دہشت گردوں، ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ، سانحہ پشاور ایک المناک سانحہ جس نے قوم کوہلا کررکھ دیا جبکہ محض ہفتے بعد راولپنڈی کے سانحہ چٹیاں ہٹیاں اورپھر شکار پور میں کربلا بپاکردی گئی ، ہم مطالبہ کرتے ہیں ذمہ داران قوم کو حقائق سے آگاہ کریں اور ضرب عضب آپریشن کو پورے ملک میں پھیلایا جائے تاکہ دہشت گردوں کا قلع قمع کیا جاسکے۔

یاد رہے کہ گزشتہ جمعة المبارک کو امام بارگاہ کربلا معلی میں خودکش حملہ آور نے خود کو اڑا دیا جس میں 62افراد شہید اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

متعلقہ عنوان :