پنجاب میں بلدیاتی انتخابات رواں سال نومبر میں ہوں گے،قائم مقام سیکرٹری الیکشن کمشنر

جمعہ 6 فروری 2015 22:17

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات رواں سال نومبر میں ہوں گے،قائم مقام سیکرٹری ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06فروری 2015ء) قائم مقام سیکرٹری الیکشن کمشنر شیر افگن نے کہا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات رواں سال نومبر میں ہوں گے، انہوں نے بتایا کہ صوبائی بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تیاریوں کے بارے میں الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا اور کہا ہے کہ حلقہ بندیوں سے متعلق کیے جانے والے اقدامات اپنے حتمی مراحل میں ہیں جس کے بعد صوبائی حکومتیں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنا سکیں گی، یہ بات انہوں نے گزشتہ روز الیکشن کمشنر سردار رضا خاں کی صدارت میں اجلاس کے بعد بریفنگ میں بتائی، انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں بھی بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں ہو رہی ہیں جبکہ سندھ میں آئندہ سال تک لوکل انتخابات ہوں گے، قائم مقام سیکرٹری الیکشن کمشنر کے مطابق تین صوبوں کے حکام نے الیکشن کے انعقاد کی حتمی تاریخیں نہیں بتائی تاہم ان کا کہنا تھا کہ چند روز میں اس ضمن میں الیکشن کمشن کو آگاہ کردیا جائے گا، اجلاس کے دوران ملک بھر کے کنٹونٹمنٹ بورڈ میں انتخابات کے انعقاد سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا۔