مقبوضہ کشمیر کی آزادی اصل میں تکمیل پاکستان ہے اس میں امریکہ اور اسرائیل رکاوٹ ہے‘ افتخار حسین،

مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزیا ں بند کرانے کیلئے عالمی برادری بھارت پر دباؤ ڈالے‘ تقریب سے خطاب

جمعرات 5 فروری 2015 23:27

لاہو ر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5فروری2015ء ) ہیومن رائٹس ویلفےئر فورم کے صدر افتخار حسین نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی اصل میں تکمیل پاکستان ہے جبکہ تکمیل پاکستان میں امریکہ اور اسرائیل رکاوٹ ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے گزشتہ روزمقامی ہوٹل میں کشمیر ڈے کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اُنہوں نے کہا کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر کی عوام پر برسوں سے مظالم ڈھا رہی ہیں انسانی حقوق کی اس بد ترین خلاف ورزیوں پر اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں کی خاموشی شرمناک ہے، کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دلوانے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزیا ں بند کرانے کے لئے عالمی برادری اور اوآئی سی بھارت پر دباؤ ڈالے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت دریاؤں پر ڈیم بنا کر پاکستان کو بنجر کرنے کی سازش کر رہا ہے، مسئلہ کشمیر جلد حل نہ ہوا تو پاکستان پانی کی شدید قلت سے دوچار ہو جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے تک پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی اور ہیومن رائٹس ویلفےئر فورم اقوام متحدہ سمیت ہر عالمی پلیٹ فارم پر بھارتی فوج کی جانب سے کشمیری عوا م پرڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف آواز بلند کرتا رہے گا۔