5 فروری‘ مرکزی جمعیت اہلحدیث پنجاب کے زیر اہتمام ”یکجہتی کشمیر ریلیاں“،

انڈین پرچم‘ نریندر مودی کے پتلے نذر آتش‘ کارکنان کی کشمیریوں کی حمایت میں پرجوش نعرے بازی، پروفیسر عبدالستار حامد‘ مولانا محمد نعیم بٹ‘ شیخ جمیل الرحمن‘ میاں محمود عباس‘ پروفیسر حافظ سعید کلیروی ودیگر کا ریلیوں سے خطاب

جمعرات 5 فروری 2015 23:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5فروری2015ء ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پنجاب کی اپیل پر صوبہ بھر میں ”یوم یکجہتی کشمیر“ بھر پور جوش وجذبے سے منایا گیا۔ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت اور ان سے یکجہتی کے اظہار میں لاہور‘ شاہدرہ‘ گوجرانوالہ‘ پتوکی‘ قصور‘ سیالکوٹ‘ فیصل آباد‘ ملتان‘ سمندری‘ اوکاڑا‘ مرید کے اور دیگر شہروں میں ”یکجہتی کشمیر ریلیاں“ نکالی اور کشمیر کانفرنسز منعقد کی گئیں۔

بعض مقامات پر نریندر مودی کے پتلے اور انڈین پرچم نذر آتش کئے گئے۔ کارکنان نے کشمیریوں کی حمایت میں نعرے بازی کی‘ مظاہرین نے کشمیر بنے گا پاکستان کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے‘ آزادی کشمیر تکمیل پاکستان ہے‘ کشمیر جنت ہے اور جنت کسی کافر کو نہیں ملتی ودیگر نعروں کے بینرز اور پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔

(جاری ہے)

پروفیسر حافظ عبدالستار حامد امیر پنجاب‘ مولانا محمد نعیم بٹ چیئرمین کشمیر کمیٹی‘ میاں محمود عباس ناظم اعلیٰ پنجاب‘ شیخ جمیل الرحمن امیر تحریک المجاہدین‘ پروفیسر سعید کلیروی‘ حافظ محمد عمران عریف‘ مولانا محمد ابرار ظہیر‘ حافظ عبدالشکور‘ مولانا مبشر احمد مدنی‘ مولانا صادق عتیق ودیگر نے کشمیر ریلیوں کی قیادت کی اور ان ریلیوں سے خطابات کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پر پوری قوم متحد اور متفق ہے اس میں کسی کی کوئی دوسری رائے نہیں ہو سکتی۔

آزادی کشمیر کے لیے بڑی سے بڑی قربانی دینے کو تیار ہیں۔ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو دبانے والا بھارت جمہوری ملک کہلوانے کا حقدار نہیں۔ مسئلہ کشمیر مسلم حکمرانوں کا کردار افسوسناک ہے۔ پروفیسر حافظ عبدالستار حامد‘ مولانا محمد نعیم بٹ‘ شیخ جمیل الرحمن نے گوجرانوالہ میں ”یکجہتی کشمیر ریلی“ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر اور پاکستان کا رشتہ نظریاتی اور کبھی نہ ٹوٹنے والا ہے۔

مسئلہ کشمیر حل کرانے کے لیے قومی پالیسی کی ضرورت ہے۔ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔ شیخ جمیل الرحمن امیر تحریک المجاہدین‘ میاں محمود عباس نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان اپنی شہ رگ کو دشمن کے ہاتھ سے چھڑانے کے لیے روایتی بیان بازی سے باہر نکل کر عملی اقدامات کرے۔