65سال سے اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود کشمیر میں ریفرنڈم نہیں کرایا جا رہا ہے ،پروفیسرابراہیم،

کشمیری مسلمان حق خود ارادیت کی جنگ لڑ رہے ہیں، کشمیر کو ہم پاکستان کی شہ رگ کہتے ہیں مگر حکمران امریکہ کے اشارون کو دیکھتے ہیں ، امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا

جمعرات 5 فروری 2015 23:24

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5فروری2015ء) جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر پروفیسر محمدا براہیم خان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ نے حالیہ برسوں سوڈان اور مشرقی تیمور کو اسلامی ممالک سے الگ کرانے کے لئے ریفرنڈم کرایا لیکن 65سال سے اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود کشمیر میں ریفرنڈم نہیں کرایا جا رہا ہے ۔ وہ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ریلی کے اختتام پر نشتر ہال پشاور میں محکمہ ثقافت حکومت خیبر پختونخو ا کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع پشاور کے امیر و سابق ممبر قومی اسمبلی صابرحسین اعوان ، جماعت اسلامی کے سابق صوبائی وزیر حافظ حشمت خان اور جماعت اسلامی کے دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔ پروفیسر محمدا براہیم خان نے کہا کہ کشمیری مسلمان حق خود ارادیت کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

کشمیر کو ہم پاکستان کا شہ رگ کہتے ہیں لیکن ہمارے حکمران امریکہ کے اشارون کو دیکھتے ہیں جب امریکہ کا مفاد نہیں ہوتا تو ہماری حکومتیں یو ٹرن لیتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے روز اول سے اس جہاد کی پشتبانی کی ہے اور کرتی رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر تب حل ہوگا اور آزادی اس وقت ملے گی جب ہمارے حکمران منافقت چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ محض زبانی جمع خرچ سے کام نہیں چلے گا حکومت کو چاہیے کہ پوری دنیا میں اس مسئلے کو زندہ کیا جائے اور بھارت پر اتنا دباؤ بڑھایا جائے کہ اسے کشمیر میں ریفرنڈم پر مجبور کیا جائے۔

دریں اثناء یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے جماعت اسلامی ضلع نوشہرہ کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی ۔ ریلی سے جماعت اسلامی ضلع نوشہرہ کے امیر حاجی انوار الاسلام ، صدر شباب ملی افتخار احمد خان، حزب المجاہدین کے نائب صوبائی امیر مولانا گوہر رحمن نے خطاب کیااور کشمیریوں کے ہر قسم کی جدوجہد میں ساتھ دینے کا اعلان کیا۔ ضلع چارسدہ ، مردان، صوابی، لکی مروت، دیر ، سوات، ملاکنڈ، سمیت قبائلی علاقہ جات میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ریلیاں نکالی گئی جس خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ کشمیریوں کی حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کرنا اقوام متحدہ کے چارٹر کے عین مطابق ہے اور انی اپنی آزادی کیلئے جاری جدوجہد میں پاکستانی قوم انکے شانہ بشانہ ہے۔