انٹر نیشنل ریسر چ کونسل کے زیراہتمام ہم سب ایک ہیں کے عنوان سے سیمینار،

اسلام امن وآشتی کا مذہب ہے،قرآن کی تمام تر تعلیمات امن عالم کی راہ ہموار کرنے کے لیے مشعل راہ ہیں ‘مقررین

جمعرات 5 فروری 2015 23:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5فروری2015ء ) انٹر نیشنل ریسر چ کونسل برائے مذہبی امور پنجاب کے زیراہتمام ہم سب ایک ہیں کے عنوان سے سیمینارمولانامحمدعاصم مخدوم کی زیرصدارت ہوا،تقریب میں چاروں مسالک بریلوی دیوبندی ،اہل حدیث اوراہل تشیع کے نمائندوں مولانااسداللہ فاروق،مولانامحمدیونس ،علامہ اصغرعارف چشتی،مولانامحمد شکیل اور مولاناحافظ سلیم عباس جعفری نے شرکت کی۔

جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور کونسل کے مرکزی راہنما مولانامحمدعاصم مخدوم نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے نے کہاکہ اسلام امن وآشتی کا مذہب ہے،ظلم و نا انصافی مذہب اسلام کی تعلیمات کے سو فیصد خلاف ہے ۔حضور ﷺ پوری دنیا کے لیے امن کا پیغام لیے کر آئے تھے،قرآن کی تمام تر تعلیمات امن عالم کی راہ ہموار کرنے کے لیے مشعل راہ ہیں ۔

(جاری ہے)

کل مسالک کانفرنس کے متفقہ اعلامیہ میں شرکا نے اپیل کی کہ ہم سب کے نبی پیغمبر امن ہیں ،اسی مناسبت سے ہم سب کا فرض ہے کہ دہشت اور بدامنی پھیلانے والوں کے غلط نظریات کی تردید پیغمبر امن کی تعلیمات کی روشنی میں کریں ۔پوری دنیا پر یہ بات آشکارا کریں کہ اسلام امن وآتشی کا مذہب ہے۔وہ اپنے دشمنوں تک کے ساتھ حسن سلوک اور انصاف کی تلقین کرتا ہے ۔

تمام ائمہ مساجد اور خطبا کو چاہیے کہ وہ دہشت گردی کے تمام واقعات کی پرزور تردید کریں۔ انٹر نیشنل ریسر چ کونسل برائے مذہبی امور کے مرکزی راہنمامولانامحمد عاصم مخدوم نے مزید کہا کہ ہمارے ادارے کے تحقیقی شعبے نے دہشت گردوں کے موقف کا شرعی اعتبار سے مکمل تنقیدی جائزہ لیا ،جس کے بعد ہم اس نتیجے پر پہنچے کہ یہ سراسر اسلام اور پیغمبر امن ﷺکی تعلیمات سے متصادم ہے۔انہوں نے کہا کہ کونسل کے شعبہ تحقیق نے دہشت گردوں کے موقف پر ایک تفصیلی اور تحقیقی مقالہ لکھنے کیلئے سارا مواد جمع کیا ہے اور انشاء اللہ چند دنوں کے اندر اندر یہ مقالہ مکمل ہو کر سامنے آ جائے گا۔